صدقہ فطر کے احکام و مسائل ،حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب

   

حیدرآباد 7 اپریل (راست) حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے اپنے خطاب میں بتلایا کہ صدق الفطر ہر مسلمان، آزاد، مالک نصاب پر واجب ہے۔ رمضان کے مہینہ میں روزوں میں جو فضول اور بیکار باتیں ہوجاتی ہیں صدقہ الفطر ان کو ختم کردیتا ہے۔ روزہ داروں کو بالکل پاک و صاف کردیتا ہے اور ہمدردی و غمخواری کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ حضرت عبداللہ ابن عباس سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے روزوں کو فضول، فحش اور لایعنی باتوں کے اثرات سے پاک و صاف کرنے کے لئے مسکینوں اور محتاجوں کے کھانے کے بندوبست کے لئے صدقہ واجب قرار دیا۔ غور کیجئے اس حدیث میں صدقہ الفطر کی دو حکمتوں اور دو فائدوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ ایک یہ کہ مسلمان کے خوشی و مسرت اور جشن و عید کے اس دن میں صدقہ الفطر کے ذریعہ محتاجوں اور مسکینوں کی شکم سیری اور آسودگی کا انتظام ہوجائے گا۔ دوسرے یہ کہ زبان کی بے احتیاطیوں اور بے باکیوں سے روزے پر جو بُرے اثرات پڑے ہوں گے صدقہ الفطر ان کا کفارہ اور فدیہ ہوجائے گا۔