حیدرآباد 14 جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر و ایمپلائمنٹ ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے صنعت نگر میں واقع ESIC ہاسپٹل میں نئے او پی ڈی بلاک کا افتتاح انجام دیا۔ نئی طبی سہولت کی تعمیر پر 211.13 کروڑ خرچ کئے گئے جو تلنگانہ میں 12.3 لاکھ افراد اور استفادہ کنندگان کو خدمات فراہم کرے گا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے کہاکہ مزدوروں اور نوجوانوں کی طاقت ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کرتی ہے اور یہ ترقی کے 2 اہم پلرس ہیں۔ ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹلی جنس کی اہمیت کے اِس دور میں مرکزی حکومت مزدوروں کی بھلائی کے لئے کئی اقدامات کررہی ہے۔ ورکرس کے وقار اور اُن کے سماجی تحفظ کے لئے حکومت سنجیدہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک دہے قبل ای ایس آئی سی استفادہ کنندگان 7.5 کروڑ تھے جو آج بڑھ کر 15 کروڑ سے زائد ہوچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں سوشل سکیوریٹی 2014ء میں 19 فیصد تھی جو آج بڑھ کر 64 فیصد ہوچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت 80 کروڑ افراد کو مفت غذائی اجناس فراہم کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے موجودہ 29 لیبر قوانین کی جگہ 4 نئے لیبر قوانین متعارف کئے ہیں۔ اِس موقع پر مرکزی وزیر نے او پی ڈی بلاک کی تعمیر اور ترقی میں اہم رول ادا کرنے والے مزدوروں کو تہنیت پیش کی۔ حیدرآباد، ملکاجگیری، سنگاریڈی، رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے استفادہ کنندگان کے لئے دستیاب رہے گا۔ او پی ڈی کے تحت جنرل میڈیسن ای این ٹی اور دیگر علاج کی سہولتیں دستیاب ہیں۔ 180 جنرل بیڈس کے علاوہ 25 آئی سی یو اور 20 این آئی سی یو بیڈس کا انتظام کیا گیا ہے۔V/1/k/b