صنعت کار پارتھا سارتھی اور صحافی دامودر راؤ کو راجیہ سبھا کا ٹکٹ

   

وی روی چندرا بھی راجیہ سبھا کیلئے نامزد، ٹی آر ایس کے امیدواروں کا اعلان
حیدرآباد۔18۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے راجیہ سبھا کی تین نشستوں کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے ۔ امیدواروں کے انتخاب کے ذریعہ چیف منسٹر نے ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا اور پارٹی میں جاری قیاس آرائیوں کے برخلاف غیر متوقع ناموں کو قطعیت دی ہے۔ ٹی آر ایس کے ترجمان تلگو روزنامہ نمستے تلنگانہ کے منیجنگ ڈائرکٹر ڈی دامودر راؤ اور ہیتھرو کمپنی کے سربراہ ڈاکٹر بنڈی پارتھا سارتھی ریڈی کے علاوہ وی روی چندرا (گائتری روی) کے ناموں کو قطعیت دی ہے۔ تین نشستوں کیلئے پارٹی حلقوں میں جن ناموں کی پیش قیاسی کی جارہی تھی ، ان کے برخلاف کے سی آر نے فیصلہ کیا۔ غیر سیاسی افراد کو راجیہ سبھا کی نشستیں الاٹ کرنے کے فیصلہ نے پارٹی قائدین کو مایوس کردیا ہے۔ تینوں نشستوں کیلئے فلمسٹار پرکاش راج ، ایم نرسمہلو ، بی ونود کمار اور دیگر قائدین کے نام زیر گشت تھے۔ پارٹی قائدین نے راجیہ سبھا کی نشست کیلئے حتی المقدور پیروی بھی کی لیکن کے سی آر نے غیر سیاسی افراد کو ترجیح دی ہے ۔ ہیتھرو کمپنی کے سربراہ ڈاکٹر بی پارتھا سارتھی ریڈی کو راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرتے ہوئے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات میں اضافہ کی کوشش کی گئی ہے۔ تلگو روزنامہ نمستے تلنگانہ کے منیجنگ ڈائرکٹر ڈی دامودر راؤ کا نام سابق میں بھی راجیہ سبھا کیلئے زیر غور تھا لیکن انہیں اس مرتبہ موقع دیا گیا ہے ۔ تلگو ریاستوں کی حکومتوںکی جانب سے راجیہ سبھا کیلئے غیر سیاسی افراد کو ترجیح دینے کے رجحان سے سیاسی قائدین کو مایوسی ہوئی ہے۔ جگن موہن ریڈی نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے مشہور ایڈوکیٹ نرنجن ریڈی کو راجیہ سبھا کا ٹکٹ دیا ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں بنڈا پرکاش کے راجیہ سبھا سے استعفیٰ کے باعث ایک نشست خالی ہوئی ہے جبکہ کیپٹن لکشمی کانت راؤ اور ڈی سرینواس کی میعاد کی تکمیل کے باعث دو نشستیں خالی ہوئیں۔ ضمنی چناؤ کی نشست کی میعاد اپریل 2024 ء تک ہے۔ر