ضلع نلگنڈہ میں خوفناک سڑک حادثہ، 8 افراد ہلاک

   

12 شدید زخمی، مقام واقعہ پر دلخراش منظر، بعض مہلوکین کی نعش ناقابل شناخت
نلگنڈہ۔/6 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ میں پیش آئے بھیانک سڑک حادثہ میں 8 افراد ہلاک اور 12 شدید زخمی ہوگئے ۔ تین زخمیوں کی حالت شدید تشویشناک ہونے پر حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب حیدرآباد سے ملے پلی منڈل کی سمت آنے والا تیز رفتار آٹو ٹاٹا ایس جس میں15 افراد سوار تھے ملے پلی منڈل کے موضع چینا رام گیٹ کے قریب آٹو کے سامنے والے حصہ کا ٹائر پنکچر ہوکر پھوٹ گیا تیز رفتار ہونے کی وجہ آٹو بے قابو ہوکر دیور کنڈہ سے حیدرآباد جانے والی آر ٹی سی بس کو سامنے سے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں آٹو میں سوار 7 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ شدید زخمیوں کو حیدرآباد منتقلی کے دوران ایک اور شخص جانبر نہ ہوسکا۔ مہلوکین کی 27سالہ بی گوردھن ساکن ملاریڈی پلی چینتا پلی منڈل، 25 سالہ اے وینکٹیشورلو چینتا پلی، 40 سالہ سی راملماں سرواپلی چینتا پلی منڈل، اے سریناتھ حیدرآباد اور آٹو ڈرائیور مہیش کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔ مابقی تین مہلوکین کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔ حادثہ کی اطلاع پر مقامی عوام نے تمام زخمیوں کو فوری دیور کنڈہ سرکاری دواخانہ منتقل کردیا۔ جہاں پر ڈاکٹروں نے 4 کی حالت تشویشناک قرار دیتے ہوئے حیدرآباد منتقل کرنے کی ہدایت دی۔ منتقلی کے دوران ایک اور شخص فوت ہوگیا۔ حادثہ کی اطلاع پر رکن اسمبلی دیور کنڈہ رویندر کمار ضلع کلکٹر ڈاکٹر گورواپل، ضلع مہتمم پولیس مسٹر رنگناتھ نے فوری جائے حادثہ پہنچ گئے اور تمام زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ نعشوں کوسرکاری دواخانہ بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کردیا گیا۔ جہاں پر مہلوکین کے ارکان خاندان شدید رنج و غم میں ڈوبے ہوئے تھے۔ متاثرہ خاندانوں کو ضلع کلکٹر و دیگر نے پرسہ دیا۔ اسی اثناء چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ضلع کے ریاستی وزیر تعلیم مسٹر جگدیش ریڈی نے بھی شدید رنج و غم کا اظہار کیا اور تمام زخمیوں کو بہتر علاج و دیگر سہولت فراہم کرنے کی ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دی اور حادثہ کی تحقیقات کروانے کی بھی ہدایت دی۔ ملے پلی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ حیدرآباد ناگرجنا ساگر ریاستی شاہراہ پر آئے دن پیش آرہے خوفناک حادثوں پر عوام میں شدید غم و غصہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔