ضلع کھمم میں تلگو دیشم پارٹی کو زبردست ’’شاک‘‘

   

سابق قائد پارلیمنٹری پارٹی این ناگیشور راؤ مستعفی ، ٹی آر ایس سے مقابلہ کا امکان
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تلگو دیشم پارٹی رکن پولیٹ بیورو و سابق قائد تلگو دیشم پارلیمنٹری پارٹی مسٹر این ناگیشور راؤ نے تلگو دیشم پارٹی سے استعفیٰ دے کر تلگو دیشم پارٹی کو شاک سے دوچار کردیا ۔ اس طرح تلگو دیشم پارٹی کو ضلع کھمم میں زبردست دھکہ پہونچے گا ۔ مسٹر این ناگیشور راؤ جو کہ گذشتہ سال یعنی ماہ دسمبر میں منعقدہ تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی کے لیے منعقدہ انتخابات کے بعد سے تلگو دیشم پارٹی اور اس کی قیادت سے ناراض دکھائی دے رہے تھے اور پارٹی کی سرگرمیوں سے بھی دوری اختیار کئے ہوئے تھے ۔ مسٹر ناگیشور راؤ کے باوثوق قریبی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ تلگو دیشم پارٹی میں مسٹر این ناگیشور راؤ کو گذشتہ ایک عرصہ سے ہی کوئی اہمیت نہیں دی جارہی تھی ۔ جس کی وجہ سے وہ بھی ( ناگیشور راؤ بھی ) پارٹی کی سرگرمیوں میں حصہ نہ لیتے ہوئے پارٹی سے دوری اختیار کئے ہوئے تھے ۔ تاہم ریاستی اسمبلی انتخابات کے موقعہ پر مسٹر چندر بابو نائیڈو سے ان کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش کی تھی ۔ اس طرح مسٹر ناگیشور راؤ نے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے مشورہ پر اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی کھمم سے مقابلہ کر کے شکست سے دوچار ہوگئے تھے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مسٹر این ناگیشور راؤ نے اسمبلی انتخابات کے بعد سے بھی تلگو دیشم پارٹی کے کسی پروگراموں و سرگرمیوں میں حصہ لینے سے گریز کررہے تھے اور کسی نہ کسی طرح تلنگانہ راشٹرا سمیتی سے قربت اختیار کر کے ٹی آر ایس میں شامل ہونے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھا ۔ اور بالاخر لوک سبھا انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کسی نہ کسی طرح صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے گذشتہ دن ملاقات کرنے میں کامیابی حاصل کر کے مسٹر ناگیشور راؤ نے ٹی آر ایس میں شامل ہونے کے اپنے ارادہ سے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو واقف کروایا ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرنے کے سلسلہ میں مسٹر این ناگیشور راؤ کو سبز جھنڈی دکھائی۔ اور امکان ہے کہ وہ ٹی آر ایس پارلیمانی امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کریں گے ۔۔

اس طرح مسٹر این ناگیشور راؤ نے ٹی آر ایس میں اپنی شمولیت کے لیے رضا مندی کا اظہار کرنے پر صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انہیں ( ناگیشور راؤ کو ) ریاست میں ہونے والے مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کروانے کا بھی ارادہ کیا ہے اور اس طرح سمجھا جاتا ہے کہ مسٹر ناما ناگیشور راؤ کی تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت اختیار کرلینے کے فوری بعد حلقہ لوک سبھا کھمم سے انہیں ( این ناگیشور راؤ کو ) تلنگانہ راشٹرا سمیتی سے انتخابی مقابلہ کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ حلقہ لوک سبھا کھمم سے تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے ابھی تک بھی اپنے امیدوار کے نام کو قطعیت نہیں دی ہے اور اس حلقہ لوک سبھا کھمم سے مقابلہ کرنے کے لیے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے لیے کوئی موزوں امیدوار دستیاب نہیں ہے ۔ علاوہ ازیں کانگریس پارٹی نے بھی حلقہ اسمبلی کھمم سے ابھی تک کسی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کی ہے ۔ لہذا سمجھا جاتا ہے کہ کانگریس پارٹی امیدوار کے نام کا اعلان ہونے کے بعد ہی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ حلقہ لوک سبھا کھمم سے ٹی آر ایس امیدوار کے نام کا اعلان کریں گے ۔۔