طالبان اور افغان فورسیزمیں لڑائی جاری‘14ہلاک

   

قندوز، سرپل سمیت 4 صوبائی دارالحکومتوں پر طالبان کا قبضہ

قندوز :طالبان نے مسلسل تیسرے دن لڑائی کے بعد افغان صوبے قندوز کے دارالحکومت پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے جس کے بعد تین روز میں طالبان کے زیر کنٹرول آنے والے اہم صوبائی دارالحکومتوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔بیان کے مطابق طالبان نے قندوز میں پولیس ہیڈکوارٹر، گورنر کے کمپائونڈ اور شہر کی جیل پر قبضہ کرلیا ہے۔ قندوزکے رکن اسمبلی امرالدین ولی نے میڈیاکو بتایا کہ تمام حکومتی ہیڈ کوارٹرزطالبان کے قبضے میں ہیں۔ تاہم فوجی اڈہ اور ایئر پورٹ کا کنٹرول ابھی تک افغان فورسز کے پاس ہے اور وہ اسے بچانے کے لیے مزاحمت کر رہے ہیں۔ قندوز میں موجود صحت کے عہدیداروںکے مطابق اب تک خواتین اور بچوں سمیت 14 نعشوں اور 30 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طالبان جمعہ سے اب تک 4 صوبائی دارالحکومتوں پر اپنا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد رونما ہونے والی پیش رفت سے اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ افغان فورسز کو کئی محاذوں پر ناکامی کا سامنا ہے۔شمالی علاقے قندوز اور سرپل کے بعد دیگرے محض چند گھنٹے کے فرق سے طالبان کے قبضے میں چلے گئے۔ سرپل میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی پروینا عظیمی نے فون پر بتایا کہ طالبان نے سرپل شہر، سرکاری عمارتوں اور وہاں کی تمام تنصیبات کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔