طلبہ اور نوجوانوںکی بھلائی کیلئے کانگریس پارٹی کو ووٹ دیں

   

اتم کمار ریڈی کی اپیل ، مشیرآباد میں ایم ایل سی امیدوار چنا ریڈی کی انتخابی مہم
حیدرآباد: گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے کانگریس امیدوار ڈاکٹر جی چنا ریڈی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے مشیرآباد اسمبلی حلقہ کے تحت گریجویٹ رائے دہندوں کے اجلاس سے خطاب کیا ۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ کانگریس امیدوار کے حق میں ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کی راہ ہموار کرے۔ صرف کانگریس پارٹی طلبہ اور نوجوانوں کے مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے ۔ سابق کانگریس حکومتوں کے دور میں سرکاری ملازمین کے علاوہ طلبہ اور نوجوانوں کی بھلائی کیلئے کئی اسکیمات شروع کی گئیں۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت پر انتخابی وعدوں سے انحراف کا الزام عائد کیا اور کہا کہ گزشتہ 6 برسوں میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کو صرف انتخابات کے موقع پر رائے دہندوں کی یاد آتی ہے ۔ الیکشن کے بعد وہ عوام کو بھلا دیتے ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ رائے دہندوں سے گھر گھر پہنچ کر ملاقات کریں اور چنا ریڈی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کریں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حیدرآباد اور نلگنڈہ دونوں نشستوں پر کانگریس امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوگی۔ ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ کامیابی کے بعد بیروزگار نوجوانوں کے مسائل پر توجہ دیں گے۔ روزگار کی فراہمی کے علاوہ حکومت سے بیروزگاروں کو ماہانہ 3016 روپئے الاؤنس کی مساعی کی جائے گی ۔ اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار نے کہا کہ ڈاکٹر چنا ریڈی عوامی خدمت کا 40 سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔ سابق رکن پارلیمنٹ ملو روی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہے ہیں ۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے جو وعدے کئے تھے ، ان پر عمل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ عوام پر عائد کردہ بوجھ پر سبق سکھانے کیلئے رائے دہندوں کو کانگریس کی تائید کرنی چاہئے ۔ اجلاس سے جنرل سکریٹری آل انڈیا یوتھ کانگریس و انچارج مشیر آباد انیل کمار یادو ، جی راج کمار سابق ڈپٹی میئر ، محمد واجد حسین سابق کارپوریٹر ، محمد شاہنواز ، وینکٹ سنگپا، کلپنا یادو ، جی شنکر ، اروند کمار یادو ، سریش یادو ، ظہیر الدین اور دوسروں نے مخاطب کیا۔