طلبہ کوڈر و خوف کے بجائے خوداعتمادی سے امتحانات تحریر کرنے کا مشورہ

   

دسویں جماعت کے امتحانات کی تمام تیاریاں مکمل
وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی کا طلبہ کے نام بیان
یدرآباد ۔ 21 مئی (سیاست نیوز) ریاستی وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے دسویں جماعت کے طلبہ کو بغیر کسی ڈروخوف کے خوداعتمادی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امتحانات تحریر کرنے کا مشورہ دیا۔ 23 مئی سے یکم ؍ جون تک دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات منعقد ہورہے ہیں جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ اس مرتبہ 5,09,275 لاکھ طلبہ امتحانات میں شرکت کررہے ہیں جن کیلئے ریاست بھر میں 2881 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ طلبہ کو دباؤ، خوف و دہشت اور تشویش میں مبتلاء ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ دسویں جماعت کے امتحانات تحریر کرنے والے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ امتحانات کو مال پراکٹس سے پاک و شفاف بنانے کیلئے تمام امتحانی مراکز میں سی سی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ وزیرتعلیم نے طلبہ کے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ طلبہ کو وقت سے پہلے امتحانی مراکز پہنچانے کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کیلئے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس سے بھرپور استفادہ کرنے کا طلبہ کو مشورہ دیا ساتھ ہی موسم گرما کے پیش نظر امتحانی اوقات کے دوران بلاوقفہ برقی سربراہی کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ امتحانات کے دوران کوئی مسائل پیدا ہوتے ہیں تو اس کی فوری یکسوئی کیلئے اسٹیٹ ڈائرکٹر کے دفتر میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا جہاں تمام عہدیدار دستیاب رہیں گے۔ امتحانات کو باقاعدہ انداز میں منعقد کرنے کیلئے ہر ضلع کیلئے اسپیشل آفیسرس کو نامزد کیا گیا ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے تمام طلبہ کو امتحانات میں اعلیٰ نشانات سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے والدین کا نام روشن کرنے کا مشورہ دیا۔ن