معاشرہ کو سود کی لعنت سے بچانے ادارہ کا قیام
حیدرآباد۔ 18 اگست (پریس نوٹ) طور بیت المال کے سالانہ جلسہ کا 18 اگست 11 بجے دن بمقام کانفرنس ہال بصدارت محمد شمس الدین اعظمی صدر مجلس منعقد ہوا جس میں اراکین طور بیت المال و ذمہ داران، عاملین اور خواتین نے شرکت کی۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری علیم کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد سلیم معتمد طور بیت المال نے سالانہ رپورٹ کارکردگی یعنی قرض کفالتی، قرض مشروط، امداد شادی سید زادیاں یا امداد شادی عالم، امداد مستحقین، فراہم عینک، امداد برائے تجہیز و تکفین، امداد جزوقتی دینی مدارس، بیوہ گان کو ایام عدت میں امداد جیسی طور بیت المال کی اسکیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور رپورٹ و گوشوارہ سرمایہ و چرم بابتہ اپریل 2019 ء تا مارچ 2022 کی تفصیلات پیش کی گئی۔ سید اسمعیل نائب صدر طور بیت المال نے مرحوم وزارت پاشاہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ادارہ کے قیام کا اصل مقصد معاشرہ کو سود کی لعنت سے بچاکر ان کی ضرورتوں پر قرض دینا ہے۔ جناب جعفر پاشاہ ثانی طور بیت المال اور اس ادارہ کے تمام ملازمین کی تعریف کی کہا کہ یہ تمام لوگ مستعدی کے ساتھ بروقت عوام الناس کی خدمت کے لئے تیار رہتے ہیں۔ جناب محمد شمس الدین اعظمی ایڈوکیٹ و صدر جلسہ نے صدارتی تقریر میں طور بیت المال کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔ جلسہ کی کارروائی کو محمد عظمت اللہ صدیقی رکن انتظامی کمیٹی نے چلایا۔ جلسہ میں غلام یزدانی مشیر قانونی، داؤد، خواجہ معز الدین ایڈوکیٹ، محمد انور الدین ایڈوکیٹ، حافظ محمد خواجہ نذیر الدین، محمد اسمعیل ایڈوکیٹ، ڈاکٹر کلیم اللہ خان، محمد خلیل الرحمان اراکین انتظامی کمیٹی کے علاوہ عاملین، اراکین عام، دفتر کا عملہ اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سالانہ جلسہ کے لئے محمد عامر منتظم دفتر، محمد عبد القیوم اور دیگر عملہ نے خدمات انجام دی۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔