طوفان سے متاثرہ میانمار، لاؤس اور ویتنام کو ہندوستان سے ضروری امدادی سامان بھیجاگیا

   

نئی دہلی: ہندوستان نے اتوار کو سدبھاؤ مہم کے تحت میانمار، لاؤس اور ویتنام کو ایک بڑے طوفان کے اثرات سے نمٹنے میں مدد کیلئے ضروری امدادی سامان بھیجا ہے۔میانمار، لاؤس اور ویتنام کے مختلف حصے شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ یہ تینوں ممالک ایشیا کے سب سے بڑے طوفان یاگی کی زد میں آ چکے ہیں۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بتایا کہ بحری جہاز آئی این ایس ست پورہ سے راشن، کپڑے اور ادویات سمیت 10 ٹن امدادی سامان میانمار بھیجا گیا ہے۔فضائیہ کا ایک فوجی کارگو طیارہ جس میں 35 ٹن امدادی سامان ہے ویتنام اور 10 ٹن لاؤس جا رہا ہے۔ انہوں نے لکھاکہ فضائیہ کے طیارے ویتنام کو 35 ٹن امداد لے کر جا رہے ہیں جن میں پانی صاف کرنے کا سامان، پانی کے برتن، کمبل، باورچی خانے کے برتن، شمسی لالٹین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 ٹن امداد لاؤس کو بھیجی جا رہی ہے جن میں پانی صاف کرنے کا سامان، سینیٹری سامان، مچھردانی، کمبل اور سلیپنگ بیگس شامل ہیں۔