ظہیرآباد کے دیہاتوں میں بنیادی سہولتوں کا فقدان

   

حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی، کانگریس کو کامیاب کرنے کی عوام سے اپیل: ڈاکٹر چندر شیکھر

ظہیر آباد ۔ 22 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق وزیر و حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے کانگریس امیدوار ڈاکٹر اے۔ چندر شیکھر نے آج ظہیر آباد میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب تک 98 دیہاتوں کا دورہ کر چکے ہیں اور وہاں کے لوگوں سے پروگرام ’’آرہے ہیں آپ کے لئے ‘‘ کے تحت بات چیت کر چکے ہیں ۔ لوگوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے دیہات کے مسائل پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔ دیہات میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں خاص طور پر خستہ حال ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی کے کانگریس قائدین آنجہانی ایم باگاریڈی اور ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کی کوششوں کے نتیجہ میں اس علاقہ میں صنعتیں اور پی جی کالجس قائم ہوئے ہیں لیکن اب یہ کمزور ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ روزگار کے مسائل کے حل کے لئے کام کریں گے تاکہ صنعتوں میں 80 فیصد ملازمتیں مقامی لوگوں کو دی جاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ نیشکر کاشتکاروں کو ان کے واجب الادا 9 کروڑ روپئے شوگر فیکٹری کے انتظامیہ سے دلوائے جائیں گے ۔ کے سی آر نے اپنے کسی بھی وعدے کو پورا نہیں کیا جب کہ کے سی آر کی اسکیموں سے بی آر ایس کے ہمنواؤں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو وہ 6 ضمانتوں پر عمل درآمد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کسی پر تنقید نہیں کریں گے ۔ انہیں ان کے کام سے عوام میں پہچان ملے گی ۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے با شعور رائے دہندووں سے مخلصانہ اپیل کی کہ وہ کانگریس کے انتخابی نشان ’’ ہاتھ ‘‘ پر اپنا قیمتی ووٹ استعمال کرکے انہیں کامیابی سے ہمکنار کریں تاکہ حلقہ انتخاب ظہیرآباد کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے ظہیرآباد حلقہ کے تمام لوگوں کو دسہرہ کی مبارکباد دی۔ اس پروگرام میں کانگریس پارٹی کے پارلیمانی حلقہ کے انچارج اجوول ریڈی، صدر کانگریس ظہیرآباد منڈل پی نرسمہا ریڈی، صدر کانگریس جھرہ سنگم منڈل ہنمنت راؤ پاٹل ، سابق صدرنشین بلدیہ مرلی کرشنا گوڑ، ٹریڈ یونین لیڈر ایم جی راملو اور دوسرے موجود تھے ۔