ڈاکٹر مخدوم محی الدین صدر اور جناب عامر علی خاں نائب صدر مقرر
جلد ہی پیرا میڈیکل کورسیس شروع کرنے سکریٹری جناب افتخار حسین کا اعلان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ نے جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین کی قیادت میں ملت کی فلاح و بہبود کے لیے جب بھی کوئی قدم اٹھایا اللہ تعالیٰ نے انہیں ان کے مشن میں کامیابی عطا فرمائی ان دونوں اداروں کے فلاحی خدمات میں چاہے وہ مستحق و ضرورت مند طلباء وطالبات کی مدد ہو یا ملت کے بیروزگار نوجوان لڑکے لڑکیوں کو علم و ہنر سے آراستہ کرنے کا معاملہ ہو یا پھر آفات سماوی و فرقہ وارانہ فسادات کے متاثرین کی دل کھول کر مدد کی بات ہو ۔ مرحوم منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں ان دونوں اداروں کے درمیان ایک مضبوط کڑی ایک مضبوط بندھن کی حیثیت رکھتے تھے ۔ چنانچہ ان کے پہلے تعزیتی جلسہ میں نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں ، ظہیر صاحب مرحوم کے فرزندان اصغر علی خاں اور فخر علی خاں و سیاست خاندان کے دیگر ارکان کی موجودگی میں ظہیر الدین علی خاں میموریل اکیڈیمی قائم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ بہر حال آج نوری ٹراویلس اے سی گارڈ میں ڈاکٹر مخدوم محی الدین کی صدارت میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں نیوز ایڈیٹر سیاست و نامزد ایم ایل سی جناب عامر علی خاں ، جناب اصغر علی خاں ، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، جناب نبیل حسین ، جناب سید حیدر علی ، ڈاکٹر سمیع اللہ خاں ، جناب علی حیدر عامر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں یہ طئے کیا گیا کہ اکیڈیمی کے قیام کا اعلان تو کردیا گیا اسے باقاعدہ رجسٹرڈ کروایا جائے گا اور پھر اکیڈیمی کے تحت نوجوانان ملت کے لیے پیرا میڈیکل کورسیس شروع کئے جائیں گے ۔ اجلاس کے روئیداد سے واقف کرواتے ہوئے سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے بتایا کہ ظہیر الدین علی خاں میموریل اکیڈیمی کے بورڈ میں شامل عہدیداروں کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ۔ ڈاکٹر مخدوم محی الدین کو صدر ، جناب عامر علی خاں نامزد ایم ایل سی کو نائب صدر جناب افتخار حسین کو سکریٹری ، جناب اصغر علی خاں کو جائنٹ سکریٹری ، جناب رضوان حیدر کو خازن اور ڈاکٹر سمیع اللہ خاں کو اڈوائزر مقر کیا گیا ۔ اس اکیڈیمی کا دفتر نوری ٹراویلس اے سی گارڈ میں قائم کیا گیا ہے ۔۔