عآپ کے 7 ایم پیز کے بی جے پی میں انضمام کی درخواست منظور

   

صدر نشین کا فیصلہ ۔ ایوان بالا میں بی جے پی ارکان کی تعداد 113 ہوگئی
نئی دہلی، 27 اپریل (یو این آئی) صدر نشین راجیہ سبھا نے ایوان کے ان سات ارکان کے بی جے پی میں انضمام کو منظوری دے دی ہے جو حال ہی میں عام آدمی پارٹی (عآپ) سے الگ ہوئے ہیں۔راجیہ سبھا سکریٹریٹ سے جاری ایوان میں مختلف جماعتوں کے ارکان کی فہرست میں، عام آدمی پارٹی سے مستعفی ہوکر بی جے پی میں شامل ہونے والے ارکان کے نام اب بی جے پی کی فہرست میں آگئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی کے ارکان کی تعداد 106 سے بڑھ کر 113 ہو گئی ہے ۔ واضح رہے ہے کہ عام آدمی پارٹی سے منتخب ارکان راگھو چڈھا، ڈاکٹر سندیپ کمار پاٹھک اور ڈاکٹر اشوک کمار متل نے 24 اپریل کو ایک پریس کانفرنس میںراجیہ سبھا میں عام آدمی پارٹی کے 7 ارکان کے بی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ان ارکان میں مذکورہ تین کے علاوہ جناب ہربھجن سنگھ، وکرم جیت سنگھ ساہنی، سواتی مالیوال اور راجندر گپتا شامل ہیں۔ راجیہ سبھا سکریٹریٹ سے آج جاری فہرست کے مطابق، ان ارکان کو 24 اپریل سے بی جے پی ارکان کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے ۔اس فہرست میں اب عام آدمی پارٹی کے ارکان کی تعداد کم ہو کر صرف تین رہ گئی ہے ۔ ایوان میں اب عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ کے علاوہ دو ارکان مسٹر نارائن داس گپتا اور مسٹر سنت بلبیر سنگھ کے نام شامل ہیں۔