عادل آباد میں 10 کورونا پازیٹیو مریض دواخانہ سے فرار

   

حیدرآباد۔ ایک حیرت انگیز واقعہ میں کورونا سے متاثر 10 مریض عادل آباد کے راجیو گاندھی میڈیکل سائینسیس انسٹی ٹیوٹ سے فرار ہوگئے ۔ یہ واقعہ یکم اگسٹ کی رات پیش آیا ۔ کہا گیا ہے کہ کورونا مریضوں کا الزام تھا کہ وہاں ان کا خیال نہیں رکھا جا رہا ہے اور ان کی بے عزتی کی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرس اور نیم طبی عملہ کی جانب سے ہتک کئے جانے اور علاج میں لاپرواہی سے تنگ آ کر یہ مریض دواخانہ سے فرار ہوگئے ہیں۔ ان کا تعلق کیلاش نگر ‘ ٹیچرس کالونی نظام آبد ‘ کوٹا کمار واڑی ‘ دوارکا نگر اندرا ویلی اور خانہ پور سے بتایا گیا ہے ۔ طبی اور پولیس عملہ نے بتایا کہ تین مریضوں کی شناخت ہوچکی ہے اور دو کو واپس دواخانہ بھی لالیا گیا ہے ۔ ایک اور مریض کو گھر میں آئسولیشن کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ قبل ازیں ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے رمس ہاسپٹل میں شریک مریضوں نے شکایت کی تھی کہ ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا ہے ۔ وہاں طبی نگہداشت کی بھی کمی ہے اور سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔