عادی دھوکہ باز کو سی سی ایس پولیس نے گرفتار کرلیا

   

حیدرآباد۔ 5 اگست (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن نے ایک عادی دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جو خود کو تلنگانہ سیکریٹریٹ میں محکمہ فینانس کا ڈپٹی سیکریٹری ظاہر کرکے عوامی نمائندوں کو دھوکہ دے رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ ٹی بالاجی نائیڈو نے جو جے این ٹی یو کاکیناڈا سے بی ٹیک کی تعلیم حاصل کرچکا ہے اور اس نے سابق میں این ٹی پی سی میں اسسٹنٹ انجینئر کی حیثیت سے ملازمت کی تھی۔ آسانی سے دولت کمانے کی غرض سے خود کو سیکریٹریٹ کا ملازم ظاہر کرتے ہوئے پردھان منتری روزگار یوجنا کے تحت فنڈس فراہم کرنے کے بہانے کئی عوامی نمائندوں سے ربط پیدا کرکے دھوکہ دیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار دھوکہ باز مشیرآباد حلقہ ٹی آر ایس ایم ایل اے کو بھی دھوکہ دیا تھا اور اسی طرح اس نے کے ستیہ وتی سابق رکن اسمبلی بھدراچلم کو بھی دھوکہ دیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ بالاجی نائیڈو اب تک دھوکہ دہی کی 60 سنگین وارداتوں میں ملوث ہے اور اسے کئی مرتبہ جیل بھیجا گیا لیکن جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا اور دھوکہ بازی میں ملوث ہونے لگا۔