چارجس کی وصولی لیکن خدمات میں کوتاہی
حیدرآباد۔/4 فروری، ( سیاست نیوز) حج 2024 کے منتخب عازمین حج کو حج مصارف کی پہلی قسط اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے ادخال کیلئے 9 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی میں کوتاہی کے نتیجہ میں شہر کے عازمین کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اور درخواست فارم کے ادخال کے سلسلہ میں عازمین کو آن لائن درخواست فارم اور فٹنس سرٹیفکیٹ فارم ڈاون لوڈ کرنا پڑ رہا ہے۔ بیشتر عازمین جن کے پاس یہ سہولت موجود ہے وہ اپنے طور پر آئی ڈی پاسورڈ کے ذریعہ یہ دستایزات ڈاون لوڈ کررہے ہیں جبکہ دیگر عازمین جب حج کمیٹی سے رجوع ہورہے ہیں تو انہیں کسی خانگی می سیوا سنٹر سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔ عازمین کا کہنا ہے کہ حج کمیٹی چالان اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی کاپی حوالے کررہی ہے جبکہ اپلکیشن فارم اور ڈیکلریشن کاپی باہر سے حاصل کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں عازمین حج پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔ شہر سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کا کہنا ہے حج کمیٹی کیلئے مزید دو پیپرس کے حوالے کرنے سے کوئی خاص بوجھ نہیں پڑے گا لہذا تمام درکار کاغذات حج کمیٹی کی جانب سے فراہمی کا انتظام کیا جانا چاہیئے۔ اس سلسلہ میں اگر چند کمپیوٹر آپریٹرس کو ذمہ داری دی جائے تو عازمین حج کو سہولت ہوگی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلی قسط کے طور پر 81,800 روپئے وصول کئے جارہے ہیں جن میں 300 روپئے پروسیسنگ فیس اور 1500/- روپئے دیگر اخراجات کے طور پر شامل ہیں۔ عازمین حج سے جب حج کمیٹی اپنی خدمات کے چارجس وصول کررہی ہے تو پھر اسے عازمین کو ضروری کاغذات حوالے کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیئے۔1