عازمین حج کے امبارکیشن پوائنٹ دوبارہ شروع کئے جانے کا مطالبہ

   

نئی دہلی : برسوں سے ملک کے عازمین حج کو سہولت دلانے کے لیے کوشاں اتر پردیش حج کمیٹی سے دو بار منتخب مرکزی حج کمیٹی کے سابق ممبر حافظ نوشاد احمد اعظمی نے مرکزی وزیر اقلیتی فلاح وبہبود وحج اسمرتی ایرانی سے مطالبہ کیاہے کہ کوروناکے دوران عازمین حج کے جن امبارکیشن پوائنٹ بند کئے گئے ہیں ان کی سہولت کے لئے انہیں دوبارہ شروع کیا جائے ۔ انہوں نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ 29 ستمبر کو دہلی میں ہونے والی آل انڈیا سالانہ حج کانفرنس میں 2022 میں جن 9 جگہوں سے وارانسی ،گیا، رانچی،جے پور، بھوپال ، چنئی ، کالی کٹ، ناگ پور، اورنگ آبادسے حج پرواز بند کردی گئی تھی اسی سلسلے میں حج 2023 کے لیے شروع کرانے کا اعلان کرکے ملک کے عازمین حج کو یہ تحفہ واپس کریں۔ مسٹر اعظمی نے اس سلسلے میں آج ایک تفصیلی خط محترمہ اسمرتی ایرانی اور اقلیتی فلاح وبہبود کے سکریٹری اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا اور ملک کے سبھی صوبائی حج کمیٹیوں کے چیئر مین کو اس سلسلے میں ایک تفصیلی خط بھیجا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ کہیں 18 سال سے کہیں 15 سے کہیں 13 کہیں 10 سال سے یہ امبارگیشن پوائنٹ چل رہے تھے جس سے ملک کے عازمین حج کو سہولت تھی جسے بند کرنا کسی بھی طرح سے مناسب نہیں ہے ۔ مسٹر اعظمی نے لکھا ہے کہ اس سلسلے میں ہم نے وزارت کو 10 نومبر 2021 ایک خط لکھا تھا اس کا جواب وزارت نے 6.12.2021 کو یہ دیا کہ کووڈ کی وجہ سے ایسا کیاگیا ہے اور اگر کوٹہ بڑھتا ہے تو ہم اس پر غور کریں گے انہوں نے کہا کہ اب کووڈ بھی نہیں ہے اور حج کوٹہ بھی 2019 سے زیادہ ملنے کی قوی امید ہے مسٹر اعظمی نے کہا کہ ہم نے ایک خط سکریٹری اقلیتی فلاح وبہود وحج کمیٹی آف انڈیا کو 3.9.2022 کو لکھا ہے کہ یہ 9جگہوں سے پرواز شروع کی جائے جس کا ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا ہے ۔
انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ ہندوستانی عازمین حج کے جانے کی عمر کی اوسط تقریباً 65 سال ہے اور اگر یہ امبار گیشن پوائنٹ نہیں شروع کیے گئے تو ان جگہوں سے جانے والے عازمین حج کو بہت سی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔
انھوں نے کہا کہ اترپردیش کے سون بھدر اور بلیا کے باڈر سے لکھنو کی دوری تقریباً ساڑھے 800 کلو میٹر ہے اس طرح بہار باڈر سے کلکتہ کی دوری تقریباً 1300 کلو میٹر ہے جھارکھنڈ کے باڈر سے بھی کلکتہ کی دوری تقریباً 1000 کلومیٹر ہے راجستھان باڈر سے دہلی کی دوری تقریبا1300 کلو میٹر ہے مدھیہ پردیش باڈرسے ممبئی کی دوری تقریباً 1500 کلو میٹر ہے واضح ہو کہ پرواز سے دو دن پہلے حج ہاؤس میں ضروری کارروائی کے لیے عازمین حج کو پہنچنا ضروری ہو تاہے اس طرح 9 امبارگیشن پوائنٹ سے جانے والے عازمین حج کو 4.5. دن پہلے انھیں گھر سے نکلنا پڑے گا جو کسی بھی طرح انصاف کا تقاضا نہیں ہے کہ ان سے یہ سہولت چھینی جائے ۔