عازمین حج کے پہلے قافلے کی مکہ آمد

,

   

ریاض۔اندرون سعودی عرب سے عازمین حج کا پہلا کاررواں مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔ وزارت حج و عمرہ کے اعلی عہدیداروں نے محکمہ شہری ہوابازی کے تعاون سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایرپورٹ جدہ پر قصیم سے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کیا۔میڈیا کے مطابق تمام متعلقہ اداروں نے اس سال حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کرلیے۔ سیکیورٹی، صحت اور مختلف اداروں نے جامع عملی پروگرام پر عمل درآمد کا آغازکردیا۔یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کے قیام کے لیے انتظام کرلیا ہے جہاں وہ منی جانے سے قبل قیام کریں گے۔4 ذی الحجہ سے 8 ذی الحجہ تک ہوٹل میں رہیں گے۔ ہر عازم حج کے لیے ایک ایک کمرہ ہے۔کمرے میں آب زمزم کی سینیٹائز بوتلوں سے لے کر سنیکس، پھلوں اور مٹھائیوں کی باسکٹوں سمیت ناشتے ، ظہرانے اور رات کے کھانے تک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔دریں اثنا مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منی، مزدلفہ اور عرفات میں آپریشنل منصوبہ جاری کردیا ہے۔اتھارٹی کے ترجمان جلال کعکی نے کہا ہے کہ ہمارا سارا زورکورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر ہے۔کعکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمرات کے پل (وہ مقام جہاں شیطانوں کو کنکریاں ماری جاتی ہیں)کی اصلاح ومرمت اور اسے استعمال کرنے کے طورطریقوں کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ تمام نظام کا معائنے کرلیے گئے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا ہے کہ سی سی کیمروں کے روم موثر ہیں۔ حاجیوں کے قافلوں کو منظم کرنے اور حج مقامات پر صفائی کی اسکیمیں تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آپریشنل پلان کے تحت العزیزیہ اور الشعبین کو جمرات کے پل سے جوڑ دیا گیا ہے۔الشعبین اور العزیزیہ پروجیکٹ کے ذمہ دار سیکیورٹی اداروں سے رابطے میں ہیں۔