عاشق نے ایم بی بی ایس طالبہ کاگلا کاٹ کر خودکشی کی کوشش کی

   

حیدرآباد6 دسمبر(یواین آئی) شادی سے انکار پر برہم عاشق نے ایم بی بی ایس طالبہ کا گلا کاٹ دیااور پھر خودکشی کی کوشش کی۔آندھراپردیش گنٹور میں اس خوفناک واقعہ نے علاقہ تکے لاپوڈو میں سنسنی پھیلا دی۔تفصیلات کے مطابق کرشناپورم سے تعلق رکھنے والی تپسوی اور ملزم گیانیشور میں معاشقہ تھا ۔ لڑکا سافٹ ویر انجینئر ہے ۔ان دونوں میں اختلافات ہوگئے جس پر لڑکی نے دوری اختیار کرلی۔ ملزم شادی کیلئے اصرارکرنے لگا تاہم لڑکی نے شادی کی پیشکش کو ٹھکرادیا۔یہ طالبہ اپنی سہیلی کے کمرہ میں مقیم تھی۔ گیانیشور سہیلی کے مکان پہنچا اور لڑکی سے بحث وتکرار ہوگئی۔اسی دوران برہمی کے عالم میں اس نے سرجیکل بلیڈ سے لڑکی پر حملہ کرکے گلا کاٹ دیا اور خود اپنے ہاتھوں کی رگوں کوکاٹ کر خودکشی کی کوشش کی۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے طالبہ کو علاج کیلئے اسپتال پہنچایاتاہم راستہ میں اس کی موت ہوگئی۔ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ دو سال سے یہ دونوں محبت کرتے تھے ۔ چند دن سے ان میں اختلافات ہوگئے تھے ۔پولیس کے مطابق لڑکے کی حالت خطرہ سے باہر ہے ۔