عالمی مقابلہ 2019 : انگلینڈ کی جیت کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا بڑا بیان۔ پڑھیے کیا کہا۔

,

   

عالمی کرکٹ مقابلہ 2019 فائنل میں انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے خلاف جیت ملی ۔ انگلینڈ کو زیادہ باونڈری کی بنیاد پر ورلڈ چمپئن قرار دیا گیا ۔ یہ بات کرکٹ شائقین اور سینئر کھلاڑیوں کو ہضم نہیں ہوئی اور سبھی نے آئی سی سی کے اس قانون پر ہی سوالات کھڑے کردئے ۔ اب نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے بھی یہ بیان دیدیا ہے کہ نیوزی لینڈ فائنل نہیں ہارا ہے ۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ کوئی ٹیم فائنل میں نہیں ہاری ، لیکن ایک ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا ۔

نیوز ٹاک زیڈ بی سے بات چیت کرتے ہوئے کین ولیمسن نے کہا کہ میچ کے آخر میں کوئی بھی چیز دونوں ٹیموں کے درمیان فرق پیدا نہیں کرسکی ، کوئی ٹیم فائنل نہیں ہاری ، لیکن ایک کو فاتح قرار دیا گیا ۔ ولیمسن نے کہا کہ ورلڈ کپ فائنل کو ذہنی طور پر جھیلنا بہت مشکل ہوتا ہے ، مجھے لگتا ہے کہ اس کو صحیح طریقہ سے سمجھنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔

کین ولیمسن نے لیگ اسٹیج سے ناک آوٹ میں پہنچنے پر اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ ناک آوٹ تک پہنچنے کیلئے ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ حالات کی وجہ سے ہمیں ایک الگ طریقہ سے کھیل کھیلنا پڑا اور ہم اچھی طرح حالات کے مطابق ڈھلے ، ہمیں لگا کہ ہم خطاب جیت جائیں گے ، لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون ، قانون ہوتا ہے اور انگلینڈ سمیت ہم سبھی اس کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ میزبان ٹیم نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔