عالمی یوم خواتین کے موقع پر کل پریڈ گراؤنڈ پر خواتین کا جلسہ عام

   

چیف منسٹر مہیلا شکتی پالیسی جاری کریں گے، چیف سکریٹری شانتی کماری کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد 6 مارچ (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں 8 مارچ کو حکومت سے عالمی یوم خواتین کے موقع پر جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ تلنگانہ حکومت نے عالمی یوم خواتین کی تقاریب مہیلا سدسو کے عنوان سے پریڈ گراؤنڈ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروگرام میں شہر اور اضلاع سے بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت متوقع ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جلسہ کیلئے مؤثر انتظامات کریں اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پریڈ گراؤنڈ میں انٹری اور اگزٹ کیلئے علیحدہ انتظام کئے جائیں۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ گرما کے پیش نظر یہ پروگرام شام میں ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی مہیلا شکتی پالیسی جاری کریں گے ۔ چیف منسٹر مہیلا گروپس کو الاٹ کی گئی آر ٹی سی بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کرینگے۔ محکمہ پولیس کو ہدایت دی گئی کہ وہ سکیورٹی انتظامات کے علاوہ ٹریفک کے مؤثر انتظامات کریں تاکہ عوام کو ٹریفک کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اضلاع سے آنے والی بسوں کو بائسن پولو گراؤنڈ پر پارکنگ کی سہولت رہے گی۔ اُنھوں نے محکمہ برقی کو علاقہ میں برقی کے مؤثر انتظامات کی ہدایت دی اور کہاکہ پارکنگ علاقوں میں بھی برقی کی سربراہی کا انتظام کیا جائے۔ موبائل ٹائلیٹس کا انتظام رہے گا اور صحت و صفائی کے مؤثر انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔ پینے کے پانی کے علاوہ بٹر ملک کا انتظام رہے گا۔ آر اینڈ بی اور برقی محکمہ جات کو علیحدہ ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ اجلاس میں مشیر حکومت کے سرینواس راجو، اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج، سکریٹری پنچایت راج ڈی ایس لوکیش کمار، سکریٹری بہبودی خواتین و اطفال انیتا رامچندرن، کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ ایس ہریش، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیش بھاگوت، ایڈیشنل کمشنر لاء اینڈ آرڈر وکرم سنگھ مان، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نرسمہا ریڈی، منیجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس اشوک ریڈی، کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشٹی، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود یاسمین باشا آئی اے ایس اور دیگر نے شرکت کی۔ 1