خواتین کی کئی اسکیمات کا چیف منسٹر ریونت ریڈی آغاز کریں گے، سولار پاور پراجکٹس اور بلا سودی قرض کی تقسیم
حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کی ترقی کے لئے کئی اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پریڈ گراؤنڈ میں بڑے جلسہ عام کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں چیف منسٹر ریونت ریڈی خواتین کو خود مکتفی بنانے کی مختلف اسکیمات کا اعلان کریں گے۔ وزیر بہبودی خواتین و اطفال ڈی انوسویا سیتکا نے عالمی یوم خواتین کی تقاریب کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ جلسہ عام میں ایک لاکھ خواتین کی شرکت کا منصوبہ ہے جو مختلف اضلاع سے شریک ہوں گی۔ چیف منسٹر کے اعلیٰ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور ریاستی وزراء تقریب میں شرکت کریں گے۔ اضلاع میں سیلف ہیلپ گروپس کو سولار پاور پراجکٹس کے الاٹمنٹ کا چیف منسٹر افتتاح کریں گے۔ 32 اضلاع میں 64 میگاواٹ کے سولار پاور پراجکٹس کا چیف منسٹر ورچول افتتاح کریں گے۔ حکومت نے مہیلا گروپس کو آر ٹی سی کی بسیں لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں اسکیم کے تحت چیف منسٹر 50 بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ خواتین کے لئے پٹرول پمپس کے قیام کے سلسلہ میں حکومت نے اہم آئیل کمپنیوں بی پی سی ایل، ایچ پی سی ایل اور آئی او سی ایل سے بات چیت کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 32 اضلاع میں خواتین کو پٹرول پمپس الاٹ کئے جائیں گے۔ یوم خواتین تقریب میں سیلف ہیلپ گروپس کو بلاسودی قرض کے چیکس جاری کئے جائیں گے جس کے تحت 400 خاندانوں میں 40 کروڑ کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ سیتکا کے مطابق حکومت نے ریاست میں 14 ہزار آنگن واڑی ٹیچرس اور ہیلپرس کے تقرر کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر اندرا مہیلا شکتی 2025 پالیسی جاری کریں گے۔ 1