عامرخان کی بیٹی کے استقبالیہ میں شاہ رخ خان توجہ کا مرکز

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی بیٹی آئرا خان کے استقبالیہ کی تقریب میں شاہ رخ خان میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئے۔ ممبئی میں منعقد کیے گئے آئرہ خان اور نوپور شیکھرے کے استقبالیہ کی تقریب میں بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی کئی مشہور شخصیات نے شرکت کی لیکن شاہ رخ خان نے تقریب میں میڈیا کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ شاہ رخ خان نے انتہائی خوشگوار موڈ میں استقبالیہ کی تقریب میں شرکت کرکے پچھلے طویل عرصے سے اپنے اور عامر خان کے درمیان تناو کے بارے میں میڈیا پرگردش کرتی خبروں کی تردید کردی ہے۔ استقبالیہ کی تقریب سے سامنے آنے والی تصاویر میں شاہ رخ خان کو عامر خان اور ان کے داماد نوپور شیکھرے کی والدہ سے انتہائی خوشگوار موڈمیں ملاقات اور گفتگوکرتے اور تصاویر بنواتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد اب عامر خان اور شاہ رخ کے مداحوں کو امید ہونے لگی ہے کہ عنقریب وہ اپنے دو پسندیدہ اسٹارس کو پہلی مرتبہ ایک ساتھ فلم میں دیکھ سکیں گے۔ واضح رہے کہ عامر خان کی بیٹی آئرا خان 3 جنوری کو مشہور فٹنس ٹرینر نوپور شیکھرے کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔ ان دنوں سوشل میڈیا پر اس شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز خوب وائرل ہو رہی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دولہا اور دْلہن کے منفرد اور غیر روایتی انداز پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔