عام انتخابات کے نتائج پرسنل لاء بورڈ کامسلمانوں کو پریشان نہ ہونے کی تلقین

,

   

لکھنؤـ 24 مئی(یواین آئی) عام انتخابات میں بی جے پی کے یک طرفہ جیت پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بور ڈ نے ہندوستانی مسلمانوں کو اس ضمن میں پریشان نہ ہونے کی تلقین کی ہے ۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری نے جمعرات کو بی جے پی کے 300 سے زیادہ نشان عبور کرنے کے بعد کمیونٹی کے نام جاری خط میں لکھا کہ‘‘انتخابات کے نتائج سب کے سامنے ہیں جو ہونا تھا ہوچکا او رکوئی شبہ نہیں کہ آنے والے دونوں میں حالات تشویش ناک رخ اختیار کرسکتے ہیں۔ لیکن اہل ایمان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی صبر و استقامت کی راہ پر چلیں اور مایوسی وناامیدی کا شکار نہ ہوں۔ جنرل سکریٹری نے مزید لکھا ہے کہ ‘‘ہمارے بزرگوں نے بہت سوچ سمجھ کر ہی اس ملک میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہم اس فیصلے پر قائم ہیں۔ ہم اس ملک میں اپنے تمام تر تشخصات کے ساتھ رہیں گے ۔ حالات کے دباؤ میں دین و ایمان کے کسی چھوٹے سے چھوٹے حصے سے دستبراد ہونے کو تیار نہیں ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سال 2014 کے عام انتخابات میں اترپردیش سے ایک بھی مسلم امیدوار پارلیمانی الیکشن جیت کا پارلیمنٹ نہیں پہنچا تھا۔ لیکن اس بار اتحاد کی جانب سے چھ مسلم امیدواروں نے جیت کا پرچم لہرایا ہے جن میں سے تین سماج وادی پارٹی کے ہیں تو تین ہیں بہوجن سماج پارٹی سے ہیں۔ سماج وادی کے سینئرلیڈر اعظم خان رامپور سے جیت کا علم بلند کیا وہاں پر انہوں نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار جیہ پردہ کو شکست دی۔ وہیں مرادآباد سے ایس ٹی حسن اور سنبھل سے شفیق الرحمان برق نے جیت درج کی۔اسی طرح سے بی ایس پی کے ٹکٹ پر سہارنپور سے حاجی فضل الرحمان، غازی پور سے افضال انصاری اور امروہہ سے دانش علی نے جیت درج کی۔ اپنی سابقہ روایت کی طرح اس بار بھی بی جے پی نے کوئی بھی مسلم امیدوار میدان میں نہیں اتارا تھا لیکن ایس پی۔ بی ایس پی نے مسلم اکثریتی حلقوں پر مسلم امیدوار کو ٹکٹ دیا تھا۔ایس پی ۔بی ایس پی اتحاد نے دس مسلم امیدواروں کو جبکہ کانگریس نے 8 مسلم امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارا تھا لیکن کانگریس کے کسی امیدوار کو کامیابی نہیں مل سکی۔