عثمانیہ یونیورسٹی ایم اے اردو فاصلاتی تعلیم کلاسیس کا شیڈول جاری

   

’سیاست‘ کی خبر کا اثر

حیدرآباد۔28مئی(سیاست نیوز) جامعہ عثمانیہ کے مرکز برائے فاصلاتی تعلیم کے ایم اے (اردو)طلبہ کیلئے کلاسس کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ ایم اے اردو سال اول اور سال آخر کے طلبہ کے لئے 4جون سے کلاسس کا آغاز ہوجائے گا۔ پروفیسر جی رام ریڈی سنٹر فار ڈسٹنس ایجوکیشن کی جانب سے سالانہ امتحانات کی فیس کے ادخال کی تاریخ اور جولائی کے اواخر میں امتحانات کے انعقاد کا اعلامیہ جاری ہونے کے باوجود ایم اے اردو کے طلبہ کیلئے کلاسس کے عدم انعقاد پر ’روزنامہ سیاست ‘ میں خبر شائع کی گئی تھی ۔ آج ڈائرکٹر فاصلاتی تعلیم کی جانب سے ایم اے اردو طلبہ کیلئے کلاسس کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ جامعہ عثمانیہ کے مرکز برائے فاصلاتی تعلیم میں موجود 18کمروں میں ایم اے (تلگو)‘ ایم اے (سائیکالوجی ) ایم اے (سوشیالوجی) کے علاوہ دیگر کلاسس جاری ہونے کے سبب جگہ کی قلت کو بنیاد بناکر ایم اردو کے کلاسس کے انعقاد کے سلسلہ میں کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا تھا لیکن سیاست میں خبر کی اشاعت کے بعد جامعہ عثمانیہ اور مرکز برائے فاصلاتی تعلیم کے عملہ نے فوری ایم اے اردو (سال اول) اور سال آخر کے کلاسس کا شیڈول جاری کردیا ۔ ڈائرکٹر مرکز برائے فاصلاتی تعلیم پروفیسر جی بی ریڈی کے احکامات کے مطابق 4 جون بروز ہفتہ اور 5جون بروز اتوار کلاسس منعقد کی جائیں گی اسی طرح 5ہفتوں کے دوران 10 کلاسس منعقد کی جائیں گی ۔ایم اردو طلبہ کیلئے آخری کلاس 3 جولائی کو ہوگی۔ایم اے اردوسال اول کے مضامین کلاسیکل شاعری‘ کلاسیکل نثر‘و دیگر کیلئے ڈاکٹر سیدہ نسیم سلطانہ ‘ ڈاکٹر تاج النساء ‘ ڈاکٹر نوری خاتون‘ ڈاکٹر احمد علی شکیل کلاس لیں گے جبکہ ایم اے اردو سال آخر کے طلبہ کیلئے ڈاکٹر صبیحہ نسرین ‘ ڈاکٹر انجم النساء بیگم‘ ڈاکٹر محمد مشتاق احمد‘ پروفیسر محمد ناظم علی کلاسیس لیں گے۔ جامعہ عثمانیہ میں اردو سے ناروا کی خبر پر یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری حرکت میں آکر کلاسس کا شیڈول جاری کیا جس پر طلبہ میں بے چینی ختم ہوگئی کیونکہ طلبہ پریشان تھے کہ امتحانات کی فیس کے ادخال کی تاریخ جاری کئے جانے کے باوجود اب تک کلاس کے انعقاد کا کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا تھا جو کہ ان کے نتائج پر اثرانداز ہونے کا خدشہ تھا۔