حیدرآباد ۔ 11 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : عثمانیہ یونیورسٹی کے شعبہ جرنلزم و ماس کمیونیکیشن کے زیر اہتمام ماہر تعلیم اور میڈیا اسٹیڈیز میں ویژینری ثروت حسین مرحوم کی یاد میں 8 فروری کو ایک خصوصی لکچر یونیورسٹی کالج آف آرٹس اینڈ سوشیل سائنسیس کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا ۔ اس ایونٹ میں مسٹر یرپک چنجے ، سابق منیجر ، ایکسٹرنل افیرس اینڈ کمیونیکیشنس ، ورلڈ بینک نے کلیدی خطاب کیا ۔ ان کے علاوہ پروفیسر سی کسیم ، پرنسپل ، یونیورسٹی کالج آف آرٹس اینڈ سوشیل سائنسیس ، ڈاکٹر ٹی ستیش کمار صدر شعبہ جرنلزم و ماس کمیونیکیشن ، اس شعبہ کے نئے ڈیجیٹل میڈیا سنٹر کی سرپرست مسز ودیا بھنڈارکر نے بھی مخاطب کیا ۔ اس لکچر میں شہر کے جرنلزم کے طلبہ نے شرکت کی ۔ مسٹر یریک نے اس موقع پر ان کے دوست اور ساتھی مسٹر ثروت حسین کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے تہذیبی اقدار اور ایک ممتاز صحافی کی حیثیت سے میڈیا میں ان کی خدمات کا تذکرہ کیا اور انہیں ایک بصیرت کے حامل پالیسی ساز قرار دیا ۔ مسٹر حسین کی میراث کو جاری رکھنے کے لیے مسز ودیا کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نیا میڈیا سنٹر دیانت داری ، اچھی سوچ اور ذمہ دارانہ صحافت کا ایک اہم مرکز ہوگا ۔ انہوں نے صحافت میں ٹکنالوجی کے بڑھتے ہوئے رول پر مخاطب کیا اور طلبہ کو ڈیجیٹل انکلوژن اور ابھرتی ٹکنالوجیز جیسے مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کی سمت کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر مسز ودیا نے اس میڈیا سنٹر کو 20 لاکھ روپئے مالیت کے ایکوپمنـٹ دینے پر سابق صدر شعبہ ڈاکٹر کے نریندر سے اظہار تشکر کیا ۔ نیز مسز ودیا نے شعبہ جرنلزم و ماس کمیونیکیشن میں ایم اے ، جے ایم سی ، پوسٹ گریجویشن کورس میں اعلیٰ نشانات حاصل کرنے والے طلباء کے لیے گولڈ میڈلس دینا شروع کرنے کا اعلان کیا ۔۔