عثمان ساگر عام شہریوں کیلئے بند ،100 سالہ تکمیل پر ترقیاتی کام

   

حیدرآباد : شہر کے مشہور تفریحی و سیاحتی مقام عثمان ساگر ( گنڈی پیٹ ) کو عام شہریوں کیلئے بند کردیا گیاہے ۔ ذخیرہ آب میں کثرت اور اطراف میں جاری ترقیاتی کاموں کو بند کرنے کی وجہ بتایا جارہا ہے ان دنوں دونوں ذخیرہ آب میں پانی اور گنڈی پیٹ کا نظارہ کرنے والے شہریوں کو یقینا اس اقدام سے مایوسی ہوگی لیکن عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایک عرصہ دراز کے بعد سطح آب کی تکمیل کے سبب عثمان ساگر ریزروائر میں ترقیاتی کام جاری ہیں ۔ ایسی صورت میں عوم کے داخلہ سیر و تفریح کے مسائل پیدا ہوگئے ۔ اب جبکہ عثمان ساگر کی تعمیر کے 100 مکمل ہوچکے ہیں اس ضمن میں ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے یادگار ترقیاتی اقدامات کئے جارہے ہیں اور خوبصورت پارک کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے ۔ جنرل منیجر حیدرآباد واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ مسٹر پدی شنکر نے بتایا کہ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے عثمان ساگر کے اطراف ترقیاتی کام جاری ہیں ۔ اور اس دوران عوامی سہولت اور سیاحوں کے تحفظ کے پیش نظر عام شہریوں کے داخلہ کو بند کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور امکان ہے کہ بہت جلد عثمان ساگر کو شہری ایک نئے انداز و رنگ روپ میں دیکھنے اور اس کے نظارے اور سیر و تفریح سے مسرور ہونگے ۔