دونوں ذخائر آب میں پانی کا بہاؤ جاری ، نشیبی علاقوں کے عوام محفوظ مقامات کو منتقل
حیدرآباد ۔ 11جولائی ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں چار دنوں سے ہونے والی موسلادھار بارش بالخصوص شہر حیدرآباد کے مواضعات میں ہونے والی بارش سے شہر کے جڑواں ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں تیزی سے پانی جمع ہورہا ہے ۔ عثمان ساگر میں 300 کیوسکس پانی کا انفلو ہے ۔ عہدیدار دو گیٹس کھولتے ہوئے 208 کیوسکس پانی کو چھوڑ رہے ہیں ۔ عثمان ساگر کی مکمل سطح آب 1790 فیٹ ہے جبکہ پراجکٹ میں فی الحال 1786 فیٹ پانی موجود ہے جبکہ حمایت ساگر میں 500کیوسکس پانی کا انفلو ہے ۔ عہدیدار دو گیٹ کھولتے ہوئے 686 کیوسکس پانی چھوڑ رہے ہیں ۔ حمایت ساگر کی مکمل سطح آب 1763.50فیٹ ہے جبکہ پراجکٹ میں 1760.55 فیٹ پانی موجود ہے ۔ عہدیداروں نے دونوں ذخیرہ آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر کے پانی بہنے والے راستو ں پر عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ ساتھ ہی نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کو بھی بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ بعض مقامات پر زیادہ اور حد سے زیادہ بارش ہونے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے ۔ن