حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) بارش کے آغاز کے ساتھ ہی مہیشورم اسمبلی حلقہ کے جل پلی میونسپلٹی کے تحت کئی علاقوں میں مکانات پانی میں محصور ہوجاتے ہیں۔ عثمان نگر کا علاقہ گزشتہ دو برسوں سے بارش کے پانی کی عدم نکاسی کے نتیجہ میں مشکلات کا سامنا کررہا ہے۔ کئی خاندانوں نے محفوظ مقامات کی منتقلی میں عافیت سمجھی جبکہ دیگر خاندان حکومت کی جانب سے کارروائی کا انتظار کرتے ہوئے مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ حالیہ بارش کے نتیجہ میں عثمان نگر کا علاقہ پھر ایک بار پانی میں محصور ہوگیا اور عوام کا گھروں سے باہر نکلنا دشوار ہوچکا ہے۔ اسی دوران سابق رکن راجیہ سبھا اور کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ نے عثمان نگر علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے پانی میں گھرے ہوئے مکانات کا معائنہ کیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے متبادل انتظامات سے متعلق عوام کی تجاویز کی سماعت کی۔ مقامی عوام نے شکایت کی کہ گزشتہ دو برسوں سے حکام نے پانی سے نجات دلانے پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کمشنر جل پلی میونسپلٹی سے ملاقات کی اور عثمان نگر کے مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے عثمان نگر کے خاندان پریشان حال ہیں۔ مقامی عوامی نمائندوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔ ہنمنت راؤ نے پانی کی نکاسی اور سڑکوں کی تعمیر کا کام اندرون دو ماہ مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے اپنے رائے دہندوں کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔ اس موقع پر صدر ضلع کانگریس کمیٹی رنگاریڈی سی ایچ نرسمہا ریڈی، کانگریس قائدین آر لکشمن یادو، امریندر ریڈی، عثمان الہاجری اور دوسرے موجود تھے۔ر