عراق: وزیر اعظم کیلئے نامزد امیدوار محمد علاوی نے نام واپس لیا

   

بغداد ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے نئے وزیر اعظم کے لیے نامزد امیدوار محمد علاوی نے اپنی امیدواری واپس لے لی ہے۔ علاوی کی طرف سے وزیر اعظم کے عہدہ کی دوڑ سے دست بردار ہونے کا اعلان اس وقت کیا گیا، جب ان کی کابینہ کی تشکیل کے لیے پارلیمنٹ کا مکمل اجلاس منعقد کرنے کی دو کوششیں ناکام ہو گئیں۔ اتوار یکم مارچ کو ہونے والی میٹنگ میں پارلیمنٹ کے 329 اراکین میں سے صرف 108اراکین ہی شریک ہوئے۔ محمد علاوی نے بطور امیدوار اپنا نام واپس لینے کی اطلاع ٹوئٹر پر دیتے ہوئے کہا کہ بعض سیاست دان ان راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ صدر برھم صالح آئندہ پندرہ دنوں کے اندر وزیراعظم کے نئے امیدوار کے انتخاب کے حوالے سے بات چیت شروع کرسکتے ہیں۔