علحدگی پسند قائد یٰسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر پاکستان کو تشویش

   

ہندوستان سے ان کی صحتیابی کو یقینی بنانے کا مطالبہ
اسلام آباد ۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے دوشنبہ کو جموں و کشمیر کے علحدگی پسند قائد یٰسین ملک کو گرفتار کرکے انہیں نظربند رکھنے پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ یٰسین ملک کو دہشت گردوں اور علحدگی پسند گروپوں کو فنڈ فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے جے کے ایل ایف کے لیڈر یٰسین ملک کو 10 اپریل کو اپنی خصوصی عدالت کے احکامات پر تفتیش کیلئے گرفتار کیا تھا۔ یٰسین ملک کو پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات میں جموں و کشمیر سے فروری میں تہاڑ جیل منتقل کیا گیا۔ ملک کی تنظیم جے کے ایل ایف کو مرکزی حکومت نے گذشتہ ماہ ممنوعہ قرار دے دیا۔ ملک کو سی بی آئی کے بھی دو کیسوں کا سامنا ہے۔ ان میں سے ایک کیس کا تعلق 1989ء کے وزیرداخلہ مفتی محمد سعید کی دختر روبیہ سعید کے اغوا سے ہے اور دوسرے کیس کا تعلق 1990ء میں اے ٹی اے ایف کے چار آدمیوں کی ہلاکت سے متعلق ہے۔ پاکستان نے یٰسین ملک کو مسلسل جیل میں رکھنے اور 22 فروری سے لگاتار ان کی صحت کے ابتر ہونے پر ہندوستان کی سخت مذمت کی ہے۔ پاکستان کے دفترخارجہ سے جاری کردہ اس بیان میںکہا گیا ہیکہ ’’ہم توقع کرتے ہیں کہ ہندوستان ملک کی صحتیابی کو یقینی بنائے گا اور ان کی صحت کی دیکھ بھال کا معقول انتظام کیا جائے گا۔