علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں جئے پال ریڈی کا اہم رول

   

یوم پیدائش پر ریاستی وزراء اور کانگریس قائدین کا خراج
حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی کو82 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کانگریس قائدین نے خراج عقیدت پیش کیا۔ نکلیس روڈ پر واقع جئے پال ریڈی کی سمادھی اسپورتھی استھل پر ریاستی وزراء تملا ناگیشور راؤ، جوپلی کرشنا راؤ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور دیگر قائدین نے گلہائے عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں جئے پال ریڈی نے اہم رول ادا کیا۔ علحدہ تلنگانہ جدوجہد اور یو پی اے حکومت کو ریاست کی تشکیل کیلئے تیار کرنے میں جئے پال ریڈی کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ جئے پال ریڈی نے تلنگانہ تحریک میں شامل قائدین اور کارکنوں سے کہا تھا کہ وہ اقدام خودکشی سے گریز کریں کیونکہ علحدہ تلنگانہ ریاست کا قیام یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جئے پال ریڈی نے اپنے سیاسی کیریئر میں تلنگانہ اور بالخصوص محبوب نگر کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کئے۔ پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کو جئے پال ریڈی سے موسوم کرنے کی ریاستی وزیر نے تجویز پیش کی۔ ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے جئے پال ریڈی کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کیلئے ان کی عوامی خدمات مشعل راہ ہیں۔ ملک کی سیاست میں جئے پال ریڈی نے اپنے نقوش چھوڑے ہیں۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام میں جئے پال ریڈی کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ متحدہ محبوب نگر ضلع کی ترقی کیلئے جئے پال ریڈی نے مرکز سے کئی پراجکٹس کی منظوری حاصل کی۔ سابق مرکزی وزیر سبی رام ریڈی، رکن اسمبلی سدرشن ریڈی، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی اور دیگر قائدین نے اسپورتھی استھل پہنچ کر گلہائے عقیدت پیش کئے۔1