عمران خان امریکہ کیخلاف نہیں، امریکی رکن کی وضاحت

   

واشنگٹن: امریکی رکن اسمبلی بریڈ شرمین نے اس تاثر کی تردید کی ہیکہ وہ امریکہ میں عمران خان کیلئے لابنگ کر رہے ہیں۔امریکہ کی حکمراں جماعت ڈیموکریٹ کے سینئر قانون ساز رکن بریڈ شرمین نے کہا ہیکہ سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے یقین دہانی کرائی ہیکہ وہ امریکہ کے خلاف نہیں ہیں۔کیلیفورنیا سے کانگریس مین، بریڈ شرمین نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ وہ عمران خان کے پاکستان میں اقتدار میں دوبارہ آنے کے لیے لابنگ کر رہے ہیں۔تاہم بریڈ شرمین نے اس بات کی تصدیق کی کہ حال ہی میں انھوں نے عمران خان سے بات کی اور پاکستان میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔بریڈ شرمین کے بقول گفتگو کے دوران عمران خان نے امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں۔خیال رہے کہ بریڈ شرمین نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو لکھے گئے خط میں پاکستان میں سیاسی صورت حال اور گرفتاریوں کے تناظر میں مطالبہ کیا تھا کہ ‘‘پاکستانی حکام سے مبینہ بدسلوکی کی تحقیقات کرنے کے لیے تمام سفارتی ذرائع استعمال کریں اور ذمہ دار کو جوابدہ بھی ٹھہرایا جائے’’۔بریڈ شرمین کی طرح افغانستان میں امریکہ کے سابق نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے چند بیانات سے یہ تاثر قائم ہوا کہ وہ پاکستان میں عمران خان کی حمایت کر رہے ہیں تاہم زلمے خلیل زاد نے بھی اس بات کی نفی کی تھی کہ وہ عمران خان کے لیے لابنگ کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومت گرائے جانے سے قبل ایک جلسہ عام میں خط لہراتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ نے ہمیں دھمکی دی ہے۔ بعد ازاں انھوں نے اپنی حکومت کے خاتمے کو کئی بار امریکی سازش قرار دیا تھا۔
تاہم بعد میں کچھ ایسی خبریں آنا شروع ہوئی تھیں کہ تحریک انصاف نے امریکہ سے تعلقات کی بحالی کیلئے لابنگ فرم سے رجوع کیا ہے۔