عمران خان نے سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی

   

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں اپنی سزا کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ غیرقانونی ہے، اُن کی رہائی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے عمران خان کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر اعتراضات ختم کر دیئے۔ عمران کے وکیل نعیم پنجوتھہ کے مطابق سزا کے فیصلے کے خلاف اپیل منگل کے روز دائر کی گئی ہے۔عمران خان کو ہفتے کے روز ٹرائل کورٹ نے 2018ء سے 2022ء کے دوران اپنی وزارت عظمی کے دور میں سرکاری تحائف کی فروخت پر تین سال قید اور پانچ سال کیلئے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے اور یہ کہ اس اپیل پر فیصلے تک سزا معطل کرکے عمران خان کی رہائی کاحکم دیتے ہوئے انہیں دی گئی سزا کالعدم قراردی جائے۔ چیف جسٹس عامرفاروق نے منگل کے روز اس کیس کی سماعت کی، جس دوران عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کے سامنے پیش ہوکر چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے پاور آف اٹارنی پیش کیا۔