عمران خان کی ترک ڈرامہ ’’یونس ایمرے‘‘ دیکھنے کی سفارش

,

   

صوفی ازم میں دلچسپی رکھنے والوں کیلئے PTV پر ’’راہ ِ عشق ‘‘ کے عنوان سے نشریہ

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے صوفی ازم میں دلچسپی رکھنے والوں کو ترک ڈرامے ‘یونس ایمرے’ دیکھنے کی تجویز دی ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ صوفی ازم (معرفت) میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے میری پرزور تجویز ہیکہ وہ سلسلہ وار ڈرامہ ’یونس ایمرے‘ ضرور دیکھیں جسے پی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے۔پاکستان میں ترک ڈرامے’ ارطغرل غازی‘ کی ریکارڈ توڑ مقبولیت کے بعد وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر ایک اور ترک سیریز ’یونس ایمرے‘ کی اردو ڈبنگ کو’راہ عشق‘ کے نام سے سرکاری چینل پی ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔’یونس ایمرے‘ کو اردو میں ڈب کرکے ’راہ عشق‘ کے نام سے پاکستان کے سرکاری چینل پی ٹی وی پر ہفتے میں 2 دن نشر کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ 44 اقساط اور دو سیزن پر مشتمل ترکش سیریز یونس ایمرے کو 2015 میں ترکی کے چینل پر نشر کیا گیا تھا۔رواں برس مئی میں ٹوئٹر پر سینیٹر فیصل جاوید نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ارطغرل غازی کے بعد ترکش ڈرامے یونس ایمرے کو نشر کرنے کے خواہش مند ہیں۔فیصل جاوید نے مزید لکھا کہ ‘ایمرے‘ ترکی کے ایک صوفی شاعر اور درویش تھے جنہوں نے اپنی زندگی اللہ کیلئے وقف کردی تھی۔