نئی دہلی، 28 اگست (آئی اے این ایس) آسٹریلیا کے ٹسٹ اور ونڈے کپتان پیٹ کمنز نے سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل کی قیادت میں سابق بین الاقوامی کپتانوں کی جانب سے پاکستان کے سابق کپتان اور وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ باوقار سلوک اور مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کے مطالبے کی حمایت کردی۔گریگ چیپل نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام ایک درخواست پیش کی ہے، جس پر سنیل گواسکر،کپل دیو، دلیپ وینگسرکر، الیسٹر کک، اسٹیو وا، ایڈم گلکرسٹ اور ناصر حسین سمیت 21 سابق کپتانوں نے دستخط کیے ہیں۔کمنز نے ’ایکس‘ پر کہا کہ وہ چیپل اور دیگر سابق کپتانوں کی حمایت کرتے ہیں اور امید ہے کہ عدالت کے حکم پر طبی معائنہ مکمل ہونے دیا جائے گا، اہل خانہ سے ملاقاتیں جاری رہیں گی اور عمران خان کے ساتھ ہر انسان کے مستحق وقارکے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ درخواست میں عمران خان کے مکمل طبی معائنے کے لیے سپریم کورٹ کی ہدایت پر ان کے ذاتی ڈاکٹروں سمیت میڈیکل بورڈ تشکیل دینے، ہفتہ وار خاندانی ملاقاتوں کی اجازت دینے اور تجویز کردہ علاج فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سابق کپتانوں نے عمران خان کی صحت، خصوصاً دائیں آنکھ کی مبینہ بینائی متاثر ہونے، پر تشویش ظاہرکی۔73 سالہ عمران خان اگست 2023 سے مختلف مقدمات میں جیل میں ہیں، جنہیں ان کی جماعت سیاسی طور پر محرک قرار دیتی ہے۔چیپل نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں عمران خان کی صحت پر تشویش ظاہرکی ۔