عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ، کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی

,

   

اسلام آباد:توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ ہو گئے جبکہ ان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی اور کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی ہو گئی۔ پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان لڑائی جھگڑے اور آنسو گیس کی آنکھ مچولی کے بعد توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں ہو ئی۔عمران خان عدالت میں پیش ہوئے بغیر ہی اسلام آباد سے واپس لاہور کے لیے روانہ ہو گئے۔عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا۔اسی دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے جوڈیشل کمپلیکس کا دروازہ توڑ دیا اور مشتعل کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا جبکہ احاطہ عدالت کے باہر کھڑی 10 موٹر سائیکلوں کو آگ بھی لگا دی، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سرکاری افسر کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا گیا اور گاڑی الٹا دی۔عمران خان کے وکلا کی جانب سے عدالت میں عمران خان کی عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی اور عدالت سے استدعا کی گئی کہ عمران خان کو گاڑی میں ہی حاضری لگانے کی اجازت دی جائے جسے عدالت نے منظور کر لیا۔اسی دوران چیئرمین پی ٹی آئی کچھ دیر احاطہ عدالت میں موجود رہنے کے بعد گاڑی میں واپس چلے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے آج حاضری نہیں لگائی ہے جبکہ شاہ محمود قریشی نے دعویٰ ہے کہ عمران خان کی حاضری کا قانونی عمل مکمل کیا گیا۔عمران خان کی عدالتی حاضری پر دستخط والی فائل کے غائب ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہنگاموں میں دو درجن سے زائد پولیس اہلکار اور عام شہری زخمی ہوئے۔آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے بلا اشتعال سنگباری کی گئی اور پولیس پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی جو ہمارے لیے نئی اور حیران کر دینے والی بات ہے۔اس کے علاوہ جلاؤ گھیراؤ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر کھڑی 10 موٹر سائیکلوں کو بھی نذر آتش کیا اور سرکاری افسر کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔اب ترجمان پمز ہاسپٹل کا کہنا ہے کہ کل 30 زخمیوں کو ہاسپٹل لایا گیا، زخمیوں میں 5 شہری اور 25 پولیس اہلکار شامل ہیں۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان تصادم میں 33 افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والوں میں 3 پولیس افسران سمیت 30 عہدیدارشامل ہیں۔