عمرہ زائرین کیلئے 3 ماہ میں 30 لاکھ لیٹر آب زمزم تقسیم

,

   


مکہ مکرمہ ۔ مسجد الحرام میں کورونا وبا کے بعد سے عمرہ زائرین کی آمد مرحلہ وار بحال ہورہی ہے۔ گزشتہ 3 ماہ میں مسجدالحرام کی انتظامیہ نے زائرین میں 30 لاکھ لیٹر آب زم زم تقسیم کیا۔سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مارچ کے آخری ہفتے میں کورونا کی وبا کے باعث مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کو عام لوگوں کیلئے بند کردیا گیا تھا۔ اس ضمن میں ادارہ مسجد الحرام میں سقیا زمزم کے ڈائریکٹر احمد الندوی نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے تمام تراحتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔آب زم زم پلانے کے لئے 50 کارکنوں کو مسجد الحرام میں متعین کیا گیا ہے جنہیں خصوصی واٹرکولرفراہم کئے ہیں جس میں 10لیٹر آب زم زم ہوتا ہے۔ عارضی پابندی کا مقصد کورونا کی وبا سے عوام کو محفوظ رکھنا ہے۔ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز باجماعت کیلئے مرحلہ وار پابندی اٹھائی گئی۔ پہلے مرحلے کا آغاز4 اکتوبرسے کیاگیا تھا اس دوران روزانہ کی بنیاد پر سعودی کے مختلف شہروں سے 6 ہزارعمرہ زائرین کو اجازت دی گئی۔ عمرہ کے لئے دوسرا مرحلہ 18 اکتوبر سے شروع کیا گیا جس میں عمرہ زائرین کی روزانہ کی بنیاد پر15 ہزار جبکہ مسجد الحرام میں نماز باجماعت کی ادائیگی کے لیے 40 ہزار افراد کو اجازت دی گئی تھی۔ عمرہ کی بحالی کا تیسرا مرحلہ یکم نومبر کو شروع کیا گیا اس دوران بیرون ملک سے بھی عمرہ زائرین کو سعودی آنے کی محدود تعداد میں اجازت دی گئی۔