عمرہ کیلئے آئندہ 10 دنوں کی بکنگ مکمل

   

مکہ مکرمہ ۔ سعودی عرب میں مکہ مکرمہ گورنریٹ نے کہا ہے کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے 16 ہزار افراد نے عمرے کے لیے اندراج کرایا ہے۔ 10 روز کی بکنگ مکمل ہوگئی ہے۔عمرے کا پہلا مرحلہ 4 اکتوبر 2020 سے شروع ہو رہا ہے۔ روزآنہ 6 ہزار افراد عمرہ کریں گے۔ مکہ ریجن گورنریٹ نے ٹوئٹ کیا کہ عمرہ زائرین کو اطمینان دلایا ہے کہ ہر دن مسجد الحرام کو دس بار سینیٹائز کیا جائے گا۔ ہر عمرہ گروپ کی آمد اور واپسی پر سینیٹائزنگ ہوگی۔ عمرے کیلئے آنے والوں میں آب زمزم کی بوتلیں تقسیم کی جائیں گی۔ وزارت حج و عمرہ کے بموجب خانہ کعبہ اور حجر اسود کو چھونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خانہ کعبہ کے اطراف قائم رکاوٹ کے باہر سے ہی طواف کیا جائے گا۔ وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد بنتن نے بھی تصدیق کردی ہے کہ شروع کے دس روزکی بکنگ مکمل ہوچکی ہے۔ 16 ہزار افراد کو ابتدائی دس روز میں عمرہ ادا کرنے کا موقع دیا جائے گا۔واضح رہے کہ کورونا بحران کے دوران عمرہ کو آنے والے زائرین کیلئے بہتر انتظامات کے ضمن میں موبائیل ایپ متعارف کی گئی ہے تاکہ عمرہ کو محفوظ بنایا جاسکے ۔