عمرہ کی اجازت 18 تا 65 برس کے افراد کو ملے گی

   

مکہ مکرمہ ۔ سعودی وزیر حج ڈاکٹر صالح بنتن نے کہا ہے کہ عمرہ اجازت نامے کی کوئی فیس نہیں ہے۔ 24 گھنٹے میں عمرہ زائرین کے 12 قافلوں کو عمرے کی اجازت ہوگی۔ ویب سائٹ کے مطابق وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ 18 سے 65 برس تک کے افراد کوعمرہ اجازت نامے جاری ہوں گے۔ عمرہ زائرین کو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کے ہمراہ ماہر صحت ہوگا۔انہو ں نے کہا کہ سعودی قیادت نے ہدایت دی ہے کہ ہنگامی حالات میں عمرہ ادا کرنے والوں کو تمام سہولتیں مہیا کی جائیں۔ سعودی عرب بانی مملکت کے عہد سے لے کر اب تک دونوں مقدس مساجد کی خدمت کو اعزاز کے طور پر انجام دے رہا ہے۔ سعودی وزیر حج نے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں جانے کے لیے اعتمرنا ایپ پر بکنگ ضروری ہوگی۔ اس کے بغیر کسی بھی شخص کو حرم شریف میں جانے نہیں دیا جائے گا۔ ہمارا مقصد عمرہ زائرین اور مسلمانوں کی صحت و سلامتی کا تحفظ ہے۔ اسے ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی حاجیوں کی آمد اور واپسی میں سہولت پیدا کرنے کے لیے اسپیشل ٹریک قائم کیا ہے۔ وزارت زائرین کے تعاون سے تصور کو حقیقت میں تبدیل کررہی ہے۔ اعتمرنا ایپ کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے عمرہ زائررہائش کا بھی انتخاب کرسکتا ہے۔ وزارت صحت نے ایسے ممالک کی فہرست جاری کردی ہے جن کے باشندے عمرہ ادا کرنے کے لئے سعودی آ سکیں گے۔ وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ اعلیٰ عمرہ کمیٹی مناسب صحت ماحول مہیا کر رہی ہے۔ ہم نے تکنیکی مسائل پیدا ہونے کی صورت میں اعتمرنا ایپ کے متبادل بھی تیارکیے ہیں۔ عمرہ سے واپسی پر ہوٹلوں میں ایس او پیز نافذ کیے جائیں گے۔علاوہ ازیں مسجد الحرام و مسجد نبویﷺ انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے عمرہ کے پہلے مرحلے کے انتظامات، مقدس مساجد کی انتظامیہ اور وزارت حج و عمرہ کے درمیان تعاون کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ عمرہ زائرین مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ آنے والوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔عمرے کی تدریحی بحالی کے فیصلے کے تناظر میں اجلاس مکہ مکرمہ میں ہوا ہے۔وزیر حج و عمرہ نے زائرین کی صحت و سلامتی کے لیے مسجد الحرام کی انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی۔