عمر عبداللہ کے بیٹے اور محبوبہ کی بیٹی انتخابی مہم کا حصہ

   

سری نگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے دونوں بیٹوں کو قاضی گنڈ میں چناو ریلی میں دیکھا گیا ہے جبکہ محبوبہ مفتی کی صاحبزادی نے بھی منگل کے روز جنوبی کشمیر کے متعدد علاقوں میں چناوی ریلیوں سے خطاب کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ عمر عبداللہ کے دو صاحبزادے اور محبوبہ مفتی کی بیٹی جنوبی کشمیر میں ووٹروں کو راغب کرنے کی خاطرکارکنوں اور عام لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کنڈ قاضی گنڈ میں منگل کے روز نیشنل کانفرنس کی جانب سے ایک چناوی ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں عمر عبداللہ کے دونوں بیٹے ضامر اور ظاہر نظر آئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں کی چناوی ریلی میں شرکت سے یہ عیاں ہو رہا ہے کہ عمرعبداللہ نے دونوں بیٹوں کو سیاست میں اتار نے کا من بنا لیا ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے دونوں بیٹوں نے کارکنوں کو گلے لگایا اور ان سے بات چیت کی۔