کاماریڈی میں مقامی عوام کی میونسپل کمشنر سے تحریری شکایت، سرکاری اراضی کے تحفظ کا مطالبہ
کاما ریڈی15 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاما ریڈی کے سیلانی بابا کالونی میں لمرا فنکشن ہال کے قریب واقع عوامی پارک کی اراضی کو محفوظ رکھنے اور اس پر مبینہ غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کے لیے مرزا حفیظ بیگ کی قیادت میں یوتھ کانگریس صدر گوڈگلہ سرینواس، صدر ٹاؤن مجلس اتحاد المسلمین محمد عبید کے علاوہ دیگر ذمہ داروں اور کالونی کے مکینوں نے کمشنر بلدیہ کاما ریڈی پرواہ تالو سے نمائندگی کرتے ہوئے تحریری شکایت پیش کی۔ شکایت میں بتایا گیا کہ سروے نمبر 886/اے اور دیگر سروے نمبروں کے تحت موجود یہ اراضی عوامی پارک کے لیے مختص ہے، جہاں 13؍ اکتوبر کو بعض افراد نے بتکماں پھولوں کے وسرجن کے لیے مبینہ طور پر غیر مجاز طور پر گڑھا کھودا اور اس میں سی سی بیڈ ڈال کر سیمنٹ سے بھرنے کی کوشش کی، تاکہ وہاں بتکماں ٹینک تعمیر کیا جاسکے۔ شکایت کنندگان کے مطابق بلدیہ کی جانب سے اس مقام پر بچوں کے کھیلنے کے لیے جگہ بھی تیار کی گئی ہے اور حفاظتی مقصد سے گیٹ اور لوہے کی جالیاں نصب کی گئی ہیں۔ انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ پارک کی سرکاری اراضی پر اس طرح کی سرگرمیاں مستقبل میں زمین پر ناجائز قبضے کا سبب بن سکتی ہیں۔ نمائندہ وفد نے کمشنر بلدیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقام کا معائنہ کرتے ہوئے اراضی کی نوعیت اور حدود کی جانچ کریں، غیر مجاز طور پر گڑھا کھودنے میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے ضروری کارروائی کریں اور اس مقام کو تمام عوام کے استعمال کے لیے مختص پارک کے طور پر برقرار رکھنے کے اقدامات کریں۔ وفد نے مزید کہا کہ یہ پارک تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے لیے مشترکہ عوامی مقام ہے، اس لیے اسے کسی ایک مذہب کی مخصوص سرگرمی کے لیے مستقل طور پر استعمال کرنے کی کوشش سے مستقبل میں تنازعات اور امن و قانون کا مسئلہ پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ بروقت مداخلت کرتے ہوئے پارک کی اراضی کو محفوظ بنایا جائے اور اسے عوامی مفاد کے لیے برقرار رکھا جائے۔ ان کے علاوہ ضلع کلکٹر، ٹون ایس ایچ او مسٹر نراری تحریری یادداشت پیش کی گئی یہ معاملہ بوجھ کر انجام دینے پر اہلیان محلہ کی جانب سے سخت برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے محلے کے پرامن فضا کو مکدر کرنے کی کوشش کرنے پر ناراضگی بھی ظاہر کی جارہی ہے۔