صدر جمہوریہ مرمو کا ٹرینی پولیس آفیسرس سے خطاب
حیدرآباد۔ 27 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے انڈین پولیس سرویس کے ٹرینی آفیسرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام میں پولیس سے متعلق خوف کو ختم کریں۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی حیدرآباد میں پروہبیشنرس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے ملک بھر میں پولیس کی خدمات کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ اور سیکوریٹی کے پہلوؤں کے علاوہ پولیس کو سماج کی تشکیل سے متعلق اقدامات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں پولیس سے متعلق پائے جانے والے خوف و خدشات کو دور کرنا بھی ضروری ہے۔ سماج میں کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیس کو تعینات کیا جاتا ہے اور کئی مسائل پولیس کی جانب سے حل بھی کئے جاسکتے ہیں جو دوسرے نہیں کرسکتے۔ صدر جمہوریہ نے ٹرینی پولیس آفیسرس میں خواتین کی بڑی تعداد کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر پرانے زمانے کو یاد کیا جب خواتین پولیس میں بھرتی ہونے سے متعلق سوچتی بھی نہیں تھیں۔ صدر جمہوریہ نے خاتون ٹرینی پولیس آفیسرس اور ان کے سرپرستوں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے پولیس کی آزمائشی ملازمت اختیار کرنے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے دوستانہ ماحول میں عوامی ذمہ داریوں کو نبھانے پر زور دیا۔