عوام ‘ کارکنوں ‘ موجودہ و سابق کارپوریٹرس کی ممتاز خان کو تائید

   

انتخابات میں حصہ لینے کا مشورہ ۔ کامیاب بنانے کا وعدہ ۔ کئی سیاسی قائدین کا ربط
حیدرآباد۔24۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ممتاز احمد خان آگے بڑھو ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ رکن اسمبلی چارمینار پر انتخابات میں حصہ لینے کیلئے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے اور حلقہ اسمبلی چارمینار و یاقوت پورہ کے عوام ان سے ملاقات کرتے ہوئے اس بات کا یقین دلا رہے ہیں کہ وہ ان کی مکمل تائید کرتے ہوئے کامیاب بنائیں گے۔ ذرائع کے مطابق دونوں حلقہ جات اسمبلی سے تعلق رکھنے والے عوام کی کثیر تعداد بشمول مجلسی کارکنان و قائدین کے علاوہ بعض کارپوریٹرس اور سابق کارپوریٹرس نے بھی ان سے ملاقات کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لے کر عوام کی نمائندگی کرنے کا مشورہ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جناب ممتاز احمد خان نے ملاقات کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے بات چیت کے دوران واضح کردیا ہے کہ وہ انتخابات میں تو حصہ لے رہے ہیں لیکن اس سلسلہ میں ابھی مشاورت کا عمل جاری ہے۔ رکن اسمبلی کے قریبی ذرائع کے مطابق مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین ان سے رابطہ کرکے ٹکٹ کی اور امیدوار بنانے کی پیشکش کرچکے ہیں لیکن انہوں نے تاحال کسی بھی سیاسی جماعت کی پیشکش کو قبول نہیں کیا ہے۔ ممتاز احمد خان کا استدلال ہے کہ سابق میں وزارت رسول خان اور وراثت رسول خان دو بھائیوں کو رکن اسمبلی بنایا گیا تھا اور سابق رکن اسمبلی سید احمد حسین مرحوم کے فرزند سید جعفر حسین معراج کو رکن اسمبلی بنایا جا رہا ہے تو ان کے فرزند یا بھتیجہ کو امیدوار بنانے سے کیوں انکار کیا جا رہا ہے؟ ۔رکن اسمبلی چارمینار سے حسینی علم، پرانا پل، گھانسی بازار، قاضی پورہ، شاہ علی بنڈہ، مغل پورہ کے علاوہ تالاب کٹہ، مادنا پیٹ، سنتوش نگر، عیدی بازار، یاقوت پورہ اور دبیر پورہ کے نوجوانوں نے ملاقات کرتے ہوئے ان کی گلپوشی کی۔ ممتاز احمد خان نے اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ ان جذبات کا احترام کریں گے اور جلد ہی بعض احباب سے مشاورت کے بعد اپنا قطعی فیصلہ کرکے عوام کے درمیان پہنچیں گے۔