عوام کو ٹھگنے والی شاطر دھوکہ باز خاتون گرفتار

   

حیدرآباد۔/22 جون، ( سیاست نیوز) فرضی شناخت سے معروف ٹیلی ویژن چیانل کی ذمہ دار ظاہر کرتے ہوئے عوم کو ٹھگنے والی ایک شاطر خاتون کو راچہ کنڈہ پولیس کی سائبر کرائم ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ کماری سری لتا عرف سری دیوی عرف سشمیتا ساکن چتور آندھرا پردیش کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سری لتا جو غیر شادی شدہ بتائی گئی ہے جس کا آبائی مقام بنگلور رورل ڈسٹرکٹ بتایا گیا ہے۔ یہ خاتون تلگو ٹی وی سیریلس دیکھنے کی عادی تھی اور تلگو ٹی وی سیریلس کو بہت زیادہ پسند کرتی تھی ٹی وی دیکھنے کے دوران اس نے اسکرین پر پروڈیوسر سری دیوی تمالہ کا نام دیکھا۔ یہ خاتون سریشا اور نشاسا نامی اداکاروں کو بہت زیادہ پسند کرتی تھی اس نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے فیس بک پر فرضی اکاؤنٹ سری دیوی تمالہ کے نام سے تیار کیا اور انجان لوگوں سے سائٹنگ میں مصروف ہوگئی ۔ اس خاتون کی دھوکہ دہی سے اکثر شہری دھوکہ کھاتے ہیں۔ اس نے فیس بک پر دوستی کرنے والوں کو ٹی وی سیریلس میں اداکاری کا جھانسہ دیا اور انہیں اپنی جعل سازی کا شکار بناتے ہوئے ان کے اپنے منتخبہ بینک اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرنے کی خواہش کی اور رقم حاصل ہونے کے بعد اس نے انہیں دھوکہ دیا۔ اس دوران اس جعلساز خاتون کی پہچان منی کنڈہ علاقہ کے ساکن شخص کرانتی کمار سے ہوئی جو مکمل طور پر اس کی ڈھونگی محبت کا شکار ہوگیا اور اس شخص کو شادی کے نام پر دھوکہ دیا۔ فیس بک پر پیش کردہ فرضی تصاویر کو دیکھ کر کرانتی کمار سری لتا کے جال میں مکمل طور پر پھنس گیا۔ راچہ کنڈہ پولیس کو سری دیوی تمالہ کی جانب سے شکایت وصول ہوئی کہ ان کے نام کا بیجا استعمال ہورہا ہے اور عوام مسلسل دھوکہ دہی کا شکار ہورہے ہیں۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد اس چالاک اور دھوکہ باز خاتون کو گرفتار کرلیا۔