’’عوام کی خدمت کیلئے ٹاملناڈو واپس جارہی ہوں‘‘

   

ڈاکٹر سوندرا راجن کا تلنگانہ عوام سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے تلنگانہ عوام سے اظہار تشکر کیا اور اپنے وداعی پیام میں کہا کہ میں آج تک آپ کی بہن کی طرح رہی اور مجھ پر جس محبت اور خلوص کا اظہار کیا گیا ، اس کیلئے میں شکر گزار ہوں۔ گورنر تلنگانہ کے عہدہ سے استعفیٰ کے بعد چینائی روانگی سے قبل ڈاکٹر سوندرا راجن نے تلنگانہ عوام کے لئے مختصر پیام جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لئے میں ٹاملناڈو واپس ہورہی ہوں اور میں تلنگانہ عوام سے اظہار تشکر کرتی ہوں۔ گورنر نے اپنے پیام کے ذریعہ لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کا واضح طورپر اشارہ دیا ہے ۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق سوندرا راجن ٹاملناڈو کے کسی ایک لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کریں گی۔ امید کی جارہی ہے کہ وہ چینائی سنٹرل یا پھر کنیا کماری کے کسی حلقہ سے الیکشن میں حصہ لیں گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ راج بھون سے سوندرا راجن کی روانگی انتہائی جذباتی رہی۔ راج بھون کے اسٹاف اور ملازمین نے ڈاکٹر سوندرا راجن کو بادیدہ نم وداع کیا اور کہا کہ ان کے ساتھ پانچ برسوں کی یادیں ہمیشہ تازہ رہیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے تلنگانہ حکومت کے نمائندہ کے طور پر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو کو کل شام راج بھون مدعو کرتے ہوئے استعفیٰ کے فیصلہ سے واقف کرایا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نئی دہلی میں مصروفیات کے سبب گورنر سے ملاقات ممکن نہ ہوسکی۔ 1