عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک سال بڑا مشکل رہا : شہباز شریف

   

اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کامیابی کے سفرسے عبارت ہے جس کے دوران پاکستان کی ساکھ بحال ہوئی اورملک کو درپیش کٹھن معاشی اور توانائی کے چیلنجز پرقابو پایا گیا،مختلف منشور کی حامل سیاسی جماعتوں کا مشترکہ قومی مقصدکے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونا ملک کے سیاسی ارتقا میں ایک اہم پیشرفت کا عکاس اورمفاہمت کی سیاست کا آئینہ دار ہے۔منگل کوموجودہ حکومت کا ایک سال پورا ہونے پر معیشت ، توانائی ، سفارتکاری ، مواصلات اور ماحولیات سمیت مختلف شعبہ جات میں حکومتی کارکردگی کے حوالے سے اپنے متعدد ٹویٹس میں وزیراعظم نے کہا کہ آج اتحادی حکومت کا ایک سال مکمل ہورہا ہے جب میں نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا،میرے نقطہ نظر سے یہ سال بڑے چیلنجز اورمشکلات کا سال تھا، عمران نیازی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک صرف اس حوالے سے بے مثال نہیں تھی کہ پی ڈی ایم اقتدار میں آئی بلکہ اس لئے کہ پاکستان کی تقریباً تمام سیاسی قوتیں پارلیمنٹ کے فورم کو استعمال کرتے ہوئے آئینی ذرائع سے غیرمقبول حکومت کو ووٹ کی طاقت کے ذریعے ہٹانے کیلئے مجتمع ہوئیں۔