حیدرآباد 22 ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے فوری اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے محکمہ صحت سے مرکزی حکومت سے جاری الرٹ اور حقیقی صورتحال کے علاوہ کورونا کی نئی قسم کے متعلق دریافت کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں کورونا مریضوں کی تعداد کو قابو میں رکھنے اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں دشواری کا نہ ہو ۔ وزیر صحت نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ کورونا کی نئی قسم کے متعلق چوکسی اختیار کریں اور اگر کوئی مریض پایا جاتا ہے تو اس کو پھیلنے سے روکنے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرکے شہریوں میں احساس عدم تحفظ پیدا ہونے نہ دیں۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کورونا ٹیکوں کے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ جن لوگوں نے ٹیکہ نہیں لیا ہے ان کو ٹیکہ لینے کے لئے آمادہ کرنے کے علاوہ جن لوگوں نے ٹیکہ لے لیا ان کو محفوظ رہنے تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال پیدا نہ ہو اس کیلئے محکمہ صحت کے حکام اور تمام سرکاری دواخانوں کو متحرک و چوکس رکھا جائے گا ۔م