ہائیکورٹ کے حکم التواء کوبرخاست کروانے میں وقف بورڈ کامیاب
حیدرآباد۔26۔ مئی ۔(سیاست نیوز) عیدگاہ بھونگیر میں نمازعید کی ادائیگی پر تلنگانہ ہائی کورٹ کے حکم التواء کو برخاست کروانے میں وقف بورڈ کو کامیابی ملی ہے اور عید الاضحی کے موقع پر بھونگیر عیدگاہ میں حسب معمول نماز عید ادا کی جائے گی۔ عید الفطر سے قبل بعض افراد نے عدالت سے رجوع ہوکر عیدالفطر سے قبل عیدگاہ کی اراضی کو اپنی ذاتی اراضی قرار دے کر نماز عید کی ادائیگی کے خلاف حکم التواء حاصل کیا تھا جس کے خلاف چیف اکزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ جناب محمد اسد اللہ نے تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر اس حکم التواء کوبرخواست کروانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ ماہ رمضان کے دوران عید سے عین قبل عید گاہ بھونگیر میں نماز عید کی ادائیگی پر امتناع کے خلاف بی آر ایس نے احتجاج کیا تھا اور عید الفطر کے موقع پر بھونگیر عیدگاہ میں نماز عید کی ادائیگی کیلئے حیدرآباد سے اقلیتی قائدین روانہ ہوئے تھے ۔ بعد ازاں صدرنشین وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے عیدگاہ بھونگیر معاملہ میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے سی ای او کو عید گاہ بھونگیر میں نماز عید الاضحی کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی جس کے پیش نظر سی ای او وقف بورڈ نے عدالت میں اس معاملہ کی مؤثر پیروی کیلئے جناب سید علی جعفری ‘ محمد عبدالرحیم ایڈوکیٹ کے ذریعہ حلف نامہ داخل کرکے عیدگاہ میں نماز عید الاضحی کی ادائیگی کی راہ ہموار کروائی ۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ عید گاہ بھونگیر اور اس کے تحت اراضی کی تحفظ میں وقف بورڈ سنجیدہ اقدامات کرے گا اور اس میں کسی بھی طرح کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عیدگاہ میں نماز سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے اسی لئے عید الفطر کی نماز سے قبل قابضین عدالت سے رجوع ہوئے تھے اور نماز پر امتناع کو عید الاضحی سے قبل بورڈ نے برخواست کروانے میں کامیابی حاصل کی ۔ سابق صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے عیدالفطر کی نماز سے قبل عدالت کے احکامات پر کہا کہ بورڈ میں بہ حیثیت رکن موجود وکیل کے دفتر سے عیدالفطر کی نماز کو روکنے عدالت میں درخواست داخل کی گئی تھی جو انتہائی افسوسناک ہے لیکن وقف بورڈ نے اب جو احکام حاصل کئے ہیں اس کے بعد عیدگاہ کی اراضی کے تحفظ کیلئے فوری حصار بندی کو یقینی بنانا چاہئے ۔ 3/k/b