عیدگاہ میرعالم پر بھی احتجاج کی اجازتنہیں دی گئی

   

بھاری فورس متعین ‘رات دیر گئے مہدی پٹنم پر اچانک احتجاج
حیدرآباد ۔ 27جنوری ( سیاست نیوز) شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف شہر میں اچانک احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور ان احتجاج میں خواتین سرفہرست دکھائی دے رہی ہیں ۔ عیدگاہ میر عالم اور دارالشفاء گراؤنڈ پر خواتین کو احتجاج کی اجازت نہ دینے کے نتیجہ میں حکیم پیٹ کی نادیہ خان نے مہدی پٹنم چوراہے پر اچانک احتجاج شروع کردیا ۔ اس خاتون کے ساتھ کئی افراد جڑگئے اور احتجاج کے لئے سڑک پر بیٹھ گئے ۔ پولیس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر وہاں سے افراد کو منتشر کردیا ۔ دریں اثناء شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف عیدگاہ میر عالم میں 48 گھنٹے کے احتجاج کیلئے پہنچنے والی خواتین کو بہادر پورہ پولیس نے روک دیا ۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے عیدگاہ میر عالم میں خواتین کے شاہین باغ کی طرز پر احتجاج کا منصوبہ کیا گیاتھا لیکن پولیس نے اسے اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی درخواست کو پولیس نے مسترد کردیا تھا ۔ قبل ازیں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے خواتین کے پروگرام کو دارالشفاء گراؤنڈ کے پاس منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن پولیس نے اجازت نہ دیتے ہوئے عیدگاہ میر عالم میں کرنے کا مشورہ دیا تھا لیکن وہاں بھی احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ خواتین کے احتجاج کرنے کی اطلاعات پر دارالشفاء پلے گراؤنڈ اور عیدگاہ میرعالم کے پاس پولیس فورس کو تعینات کردیا ہے ۔